کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سوشل میڈیا پر جاری پی سی بی کی ڈریم پیئر مہم کو مداحوں، سابقہ اور موجودہ کھلاڑیوں سمیت صحافیوں اور کرکٹ پنڈتوں میں خوب پذیرائی مل رہی ہے۔ ڈیجٹل مہم کا تیسرا مرحلہ 3 مئی بروز اتوار کو شروع ہوا جہاں مداحوں کو ٹیسٹ فاسٹ باؤلرز میں سے اپنی پسندیدہ جوڑی بنانے کا موقع دیا گیا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سےسب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے ماضی کے عظیم کھلاڑیوں میں سے 1954 اوول ٹیسٹ کے ہیرو فضل محمود کو اپنا باؤلنگ پارٹنر منتخب کیا۔ وسیم اکرم نے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں میں سے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے ساتھ باؤلنگ کرنے کی خواہش کااظہار بھی کیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ایک شاندار مہم کا آغاز کیا ہے جہاں خوابوں کی جوڑی کی صورت میں پاکستان کے سابق ٹیسٹ اسٹارز کو یاد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے پوچھے گئے سوال کےجواب میں وہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ بلاشبہ انہیں عمران خان ، وقار یونس، شعیب اختر اور عبدالرزاق کے ساتھ باؤلنگ کرنے کا اعزاز حاصل ہے مگر ماضی کی بات کی جائے تو ان کے ذہن میں 2 ہی نام آتے ہیں ایک سرفراز نواز، جنہوں نے ریورس سوئنگ ایجاد کی تھی اوردوسرے اوول کے ہیرو فضل محمود۔ وسیم اکرم نے کہا کہ وہ سوئنگ کرنے والے بائیں ہاتھ کے باؤلر کی حیثیت سے دائیں ہاتھ کے باؤلر فضل محمود کے ساتھ باؤلنگ کرنے کا انتخاب کریں گے کیونکہ ان کا مقبول لیگ کٹربیٹنگ وکٹ پر بہت مشہور تھا۔ سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں میں وہ نسیم شاہ کے ساتھ باؤلنگ جوڑی بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ویسے تو میری جوڑی وقار یونس کے ساتھ تھی اور وہ دنیا کا ایک عظیم باؤلر تھا مگرموجودہ کھلاڑیوں میں نسیم شاہ کا انتخاب اس لیے کروں گا کہ وہ ابھی جوان ، تیز اور 150 سےزائد رفتار سے گیند کرتے ہیں اور ابھی انہوں نے مزید تیز ہونا ہے۔ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم کی خوابوں کی جوڑی میں شامل ہونے پر وہ انتہائی مسرور اور فخر محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ ہفتے وسیم اکرم نے فاسٹ باؤلرز کے آن لائن سیشن میں انہیں مفید ٹپس دیں جو کیرئیر کے سفر میں ان کی رفیق رہیں گی۔ نسیم شاہ نے کہا کہ اب ان کی جانب سے اپنی پسندیدہ باؤلنگ جوڑی میں شامل کرنے سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ وسیم اکرم کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور اپنی کارکردگی سے پاکستان میں موجود مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی کوشش کریں گے۔ اُدھر محض 8 ٹیسٹ میچوں میں 30 وکٹیں حاصل کرنے والے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے وسیم اکرم اور وقار یونس پر مشتمل ماضی کی ٹو ڈبلیوز جوڑی کو اپنی پسندیدہ قرار دیتے ہوئے موجودہ کھلاڑیوں میں سے نسیم شاہ کے ساتھ باؤلنگ کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ایک بہترین مہم کا آغاز کیا ہے اور اگر اس میں انہیں کسی ڈریم پیئر کا انتخاب کرنے کا کہا جاتا ہے تو وہ وسیم اکرم اور وقار یونس کی جوڑی کا انتخاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ موجودہ فاسٹ باؤلرز میں سے نسیم شاہ کے ساتھ باؤلنگ کرنا پسند کرتے ہیں اور مستقبل میں بھی انہی کے ساتھ باؤلنگ کرنے کا لطف اٹھاتے رہیں گے۔ ڈریم ٹیسٹ جوڑی کے انتخاب کے لیے فاسٹ باؤلرز کے انتخاب کا معیار 75 ٹیسٹ وکٹیں رکھا گیا ہے۔ پی سی بی نے اس سرگرمی کے ذریعے مداحوں کو مختلف ادوار میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اپنے پسندیدہ بلے بازوں اور باؤلرز کو جوڑیوں کی شکل دینے کا موقع فراہم کیا ہے۔ جہاں فاسٹ باؤلرز، اوپنرز اور مڈل آرڈر بلے بازوں کی جوڑیوں پر مشتمل مہم کو زبردست پذیرائی ملی ہے۔ اس دوران اوپنرزکی مہم میں 1990 کی دہائی کے عظیم کرکٹرز سعید انور اور عامر سہیل پر مشتمل جوڑی مقبول ترین رہی۔ اس مہم میں سعید انور اور ماجد خان کو دوسری مقبول ترین جوڑی کا درجہ ملا۔ مڈل آرڈر بلے بازوں کے ڈریم پیئرز میں یونس خان اور محمد یوسف سب سے مقبول جوڑی رہی جبکہ سابق کپتان انضمام الحق اور محمد یوسف کی جوڑی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہی۔ دو روز تک جاری رہنے والی فاسٹ باؤلرز کے ڈریم پیئرز پر مشتمل مہم کے بعد اسپنرز، آلراؤنڈرز، وکٹ کیپر اور مقبول ترین ٹیسٹ کپتان کی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
![]()
یہ بھی پڑھیں، نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں: تمام صحافیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو اس مشکل وقت میں بھی اپنی پوری ایمانداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو نبھا رہے ہیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ لیبر ونگ سینٹرل پاکستان
https://www.nopnewstv.com/greetings-to-all-the-journalists/