کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ن) کے صوبائی صدر یاسر عدیل شیخ نے ملک میں کورونا وائرس کے شکار پاکستانیوں میں بڑھتے ہوئے اضافے کو موجودہ حکمرانوں کی بد ترین ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستانی قوم کو شدت سے میاں محمد نواز شریف اور ان کی باصلاحیت ٹیم کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے قوم کو ایٹمی قوت دی اور تحریک انصاف کی نا اہل حکومت نے قوم کو کورونا وائرس کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ نا اہل حکومتی مشینری میں اتنی صلاحیت بھی نہیں کہ چند سو زائرین کو مکمل تحفظ فراہم کرتی اور بائیس کروڑو عوام کو کورونا کے پھیلاؤ کے خدشات سے بچاتی۔ پاکستان اپنے جمہوری دور کے ناکام ترین حکمرانوں کی نا اہلیوں کے عذاب میں مبتلا ہے اور دور دور تک ملک و قوم کے لئے بہتری کے آثار دکھائی نہیں دیتے۔ مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ن) سندھ کے صدر یاسر عدیل شیخ نے صوبائی جنرل سیکریٹری عاقب تنولی اور صوبائی کوآرڈینیٹر عامر شیخ کے ہمراہ گلشن اقبال میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حفاظتی ماسک عوام میں تقسیم کرنے کے بعد مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن ضلع شرقی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور میاں محمد نواز شریف کی حکومت ناگزیر ہے۔ برصغیر کے انتہائی اہم ملک کی حیثیت سے پاکستان کو اقوام عالم میں جو کردار ادا کرنا چاہئیے اس کے لئے میاں محمد نواز شریف ہی عوام کی واحد امید ہیں۔ قائد نواز شریف اپنی علالت کو بھول کر اپنے عوام کی فکر میں مبتلا ہیں جسے نا اہل حکمرانوں کی نالائقیوں کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ قائد نواز شریف اور مستقبل کی وزیر اعظم محترمہ مریم نواز شریف کا پارٹی کارکنوں خصوصا مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے ذمہ داران کے لئے پیغام ہے کہ عوام کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے مکمل آگاہی کے لئے دن رات ایک کردیں۔ محترمہ مریم نواز شریف نے خصوصی ہدایات دی ہیں کہ کارکن خود بھی مکمل حفاظتی اقدامات کریں اور عالمی ادارہ صحت کے بتائے گئے ضوابط کے مطابق تمام پاکستانی قوم کو حفاظتی تدابیر اور اقدامات پر عمل کرنے کے لئے ٹیلی فونک، سوشل میڈیا رابطوں کا بھرپور استعمال کریں۔ میاں محمد نواز شریف اور محترمہ مریم نواز شریف کی دعا ہے کہ قوم کو جلد از جلد کرونا وائرس اور پاکستان میں اس کے پھیلاؤ کے ذمہ داروں سے نجات ملے۔
![]()