کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 3 رنز سے شکست دے دی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے 27 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 155 رنز کا ہدف دیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز ہی بناسکی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو 32 کے مجموعی اسکور پر ملتان سلطانز کے اوپنر روحیل نذیر 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں ذیشان اشرف نے کپتان شان مسعود کے ہمراہ 60 رنز کی شراکت قائم کی۔ یہ ملتان سلطانز کی اننگز کی سب سے طویل شراکت داری تھی۔ 39 گیندوں پر 7 چوکوں اور 1 چھکے کی بدولت 52 رنز کی اننگز کھیلنے والے ذیشان اشرف ملتان سلطانز کے سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ شان مسعود 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ معین علی اور روی بوپارہ بالترتیب صفر اور پانچ رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو خوشدل شاہ اور شاہد آفریدی نے میدان کا رخ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعہ 150 کے پار لگایا۔ خوشدل شاہ نے 2 چھکوں کی بدولت 30 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ شاہد آفریدی 13 گیندوں پر 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ملتان سلطانز نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان 154 رنز بنائے۔ راحت علی نے 24 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے روحیل نذیر، ذیشان اشرف اور معین علی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پشاور زلمی کے وہاب ریاض، حسن علی اور عامر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 155 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا۔ 56 کے مجموعی اسکور پر پشاور زلمی کے ابتدائی تین بلے باز (کامران اکمل 2، وہاب ریاض 3 اور عمر امین 29) آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹے تو امام الحق نے شعیب ملک کے ہمراہ اننگز کو دوبارہ تعمیر کرنے کا سلسلہ شروع کیا دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 70 رنز جوڑ کر میچ میں واپسی کی مگر 8 گیندوں کے وقفے سے دونوں کھلاڑیوں کے پویلین واپس لوٹنے پر پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر دباؤ کا شکار ہوگئی۔ امام الحق نے 41 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 56 جبکہ شعیب ملک نے 25 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس دوران نوجوان بلے باز حیدر علی 1 اور حماد اعظم 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مشکلات کا شکار پشاور زلمی کو میچ میں جیت کے لیے آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے۔ وائیڈ بال سے میچ کے آخری اوور کا آغاز کرنے والے علی شفیق نے 15 رنز کا دفاع کرکے ملتان سلطانز کو فتح دلادی۔ انہوں نے آخری اوور میں 2 نو بالز سمیت 12 رنز دیے۔ پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز ہی بناسکی۔ عادل امین 7 اور حسن علی 1 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ملتان سلطانز کے سہیل تنویر نے 26 رنز کے عوض 3، علی شفیق نے 2 جبکہ محمد عرفان اور معین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی میچ میں شاندار بلے بازی کرنے پر ملتان سلطانز کے وکٹ کیپر بلے باز ذیشان اشرف کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ملتان سلطانز کی ٹیم نے میچ میں کامیابی حاصل کرکے 14 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔ دوسری طرف پشاور زلمی کی ٹیم 9 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر بدستور تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔
![]()