ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد عمیر نے کہا ہے کہ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے خیبر پختوخوا حکومت کی جانب سے 425 ملین کی پہلی ریلیز مل چکی ہے، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے نکاسی آب، آب نوشی، روڈز وغیرہ کے ترقیاتی منصوبوں کی ہم نے ڈی ڈی سی کے اجلاس میں منظوری بھی دیدی ہیں، ہمیں امید ہے کہ ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے لوگوں کے بنیادی مسائل حل ہونگے، شوگر سیس فنڈز کی فراہمی کیلئے بھی متعدد اجلاس ہوچکے ہیں، امید ہے کہ شوگر سیس فنڈ بھی جلد ریلیز ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد عمیر نے کہا کہ چشمہ روڈ کے 11 خطرناک موڑوں کو درست کرنے کے حوالے سے اے ڈی پی خیبر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کو بھجوادی گئی ہے جس پر جلد کام شروع ہوجائے گا جس سے آئے روز کے حادثات کے واقعات پر کافی حد تک قابو پالیا جائے گا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میلہ جات کی 21 مارچ سے 23 مارچ تک تین روزہ تقریبات کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جس میں ڈیرہ اسماعیل خان کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا، ڈیرہ جات میں پی ٹی شو، جمناسٹک، بینڈ شو، گھوڑا ڈانس، نیزہ بازی، ڈاگ شو، بوری و پتھر وزن اٹھانے کے مقابلے، کتا ریس، کبڈی اور دیگر علاقائی کھیلوں کے مقابلوں کے علاوہ مختلف سرکاری و نجی اداروں کی جانب سے سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان ہونگے جبکہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا بھی شرکت کرینگے، مقابلوں میں کامیاب ٹاپ 10 ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے۔
![]()