ٹنڈو آدم (رپورٹ: رضوان احمد) گورنمنٹ انصارالسلام پرائمری اسکول میں ٹنڈو آدم ویلفئیر سوسائٹی کے زمہ داران کا دورہ، ہیڈ ماسٹر اسلم پٹھان اور ٹیچرز کی کاوشوں کو سراہا، گورنمنٹ کی جانب سے ای سی ای کلاسز کا آغاز تو کردیا گیا مگر فرنیچر کی عدم دستیابی کے باعث بچوں کو پریشانی کا سامنا۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈو آدم کے شاہی بازار میں قائم گورنمنٹ انصارالسلام پرائمری اسکول پچھلے پچاس سال سے زائد عرصے سے بچوں کو پرائمری تعلیم دینے میں اپنا اہم کردار ادا کررہا ہے اسکول ہذا سے تعلیم حاصل کرنے والے آج معاشرے میں اپنا اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ اسکول کے ہیڈ ماسٹر محمد اسلم پٹھان نے ٹنڈو آدم ویلفئیر سوسائٹی کے چئیرمین رضوان احمد غوری، صدر فاروق انصاری، اسماعیل خان، کامران شاہ و دیگر کا استقبال کیا اسکول کی بلڈنگ و کلاسز کا دورہ کروایا۔ اس موقع پر اسلم پٹھان کا کہنا تھا کہ ہم نے جنوری 2020 سے ای سی ای کلاس کا آغاز کردیا ہے جس میں 4 سال کے بچوں کو داخلہ دے رہے ہیں اسکے لئے ایک لیڈی ٹیچر بھی گورنمنٹ کی جانب سے مہیا کی گئی ہے۔ اسکول کے وزٹ کے بعد چئیرمین رضوان احمد نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کے ہیڈ ماسٹر بشمول ٹیچرز دلجوئی کیساتھ بچوں کے تعلیمی مستقبل سنوارنے میں اپنا اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ اسکول کا ماحول دیکھ کر اندازہ ہی نہیں ہوتا کہ یہ گورنمنٹ اسکول ہے مگر کچھ کلاسوں میں فرنیچر کی شدید کمی محسوس کی گئی۔ ہم حکومت سندھ، وزیر تعلیم اور سیکریٹری تعلیم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انصارالسلام اسکول میں تعلیم کا اعلیٰ معیار ہے اسکول انتظامیہ اپنی مدد آپ کے تحت ترقیاتی کام کروا رہی ہے لہٰذا اسکول میں جلد از جلد فرنیچر و دیگر ضروری سامان مہیا کیا جائے تاکہ بچے اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔
![]()