Home / اہم خبریں / تمام ایڈیشنل آئی جیز کو ترقی و تبادلے کے مکمل اختیارات حاصل ہیں میں بھی ان کے کام میں مداخلت نہیں کرسکتا، آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کا کاٹی سے خطاب

تمام ایڈیشنل آئی جیز کو ترقی و تبادلے کے مکمل اختیارات حاصل ہیں میں بھی ان کے کام میں مداخلت نہیں کرسکتا، آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کا کاٹی سے خطاب

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) انسپیکٹر جنرل سندھ پولیس ڈاکٹر کلیم امام نے کہا ہے کہ 187 تھانوں کی تعمیر نو اور تزئین و آرائیش کا کام مکمل ہوچکا ہے مزید 111 میں بہتری لائی جائے گی، آئی جی سمیت تمام افسران قواعد کے پابند ہیں، ایڈیشنل آئی جی کو تبادلوں اور تقرریوں کے مکمل اختیارات حاصل ہیں، آئی جی بھی ان کے کام میں مداخلت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، سینیٹر عبدالحسیب خان، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان ندیم خان، دانش خان، سینئر نائب صدر اکرام راجپوت اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ آئی جی سندھ کلیم امام کا کہنا تھا کہ اپنے ماتحت افسران کے لیے کام کرنے کا ماحول بہتر بنانا آئی جی کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں کراچی میں اغوا برائے تاوان، دہشت گردی اور بھتے جیسے بڑے جرائم پر قابو پالیا گیا ہے جس میں پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ بزنس کمیونٹی کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کراچی میں صوبے کے بہترین افسران تعینات کیے گئے ہیں جو پوری فرض شناسی اور خوش اسلوبی سے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پولیس میں اختیارات کو ڈی سینٹرلائز کیا اور آج تمام ایڈیشنل آئی جیز کو تبادلے اور ترقیوں کا مکمل اختیار ہے میں ان کے کام میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم کی رپورٹ کروانے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے اس لیے اس کے اعداد و شمار میں بھی اضافہ نظر آتا ہے۔ قبل ازیں کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان نے آئی جی سندھ کو کورنگی صنعتی علاقے کی معاشی اہمیت اور پیداواری صلاحیت سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کی قیادت میں پولیس کی بہترین کارکردگی سے کراچی میں امن و امان کی فضا میں بہتری سے معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے، اس کے لیے ہم ڈاکٹر کلیم امام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے بہترین افسران کے انتخاب پر آئی جی سندھ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی پولیسنگ کے معیار میں بہتری کے لیے کردار ادا کرسکتی ہے اس کے لیے تھانوں کی عمارتوں میں بہتری کے لیے انڈسٹریل ایسوسی ایشنز کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ سینیٹر عبدالحسیب خان کا کہنا تھا کہ آئی جی پولیس کلیم امام کی غیر معمولی کارکردگی کی وجہ سے آج ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ زبیر چھایا نے کہا کہ آئی جی سندھ نے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ صنعتی ملازمین کی تصدیق کے لیے کاٹی میں قائم ہونے والے ڈیسک پر بھی سہولت فراہم کی جائے۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر ندیم خان کا کہنا تھا کہ ٹریفک کے نظام میں بہتری کے لیے رکشہ ڈرائیوروں کو قوانین کی پابند کرنے کی ضرورت ہے۔ دانش خان نے کہا کہ موٹر سائیکلوں کی بہتات سے پیدا ہونے والے ٹریفک کے مسائل پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بعدازاں آئی جی سندھ نے کاٹی میں قائم ہونے والے پولیس کے اسپیشل ڈیسک کا افتتاح بھی کیا۔ تقریب میں کاٹی کے سابق صدور زاہد سعید، گلزار فیروز، اکبر فاروقی، احتشام الدین، فرحان الرحمٰن، ایس ایم یحیٰ، طارق ملک، نائب صدر سید واجد حسین، ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی، ایس ایس پی کورنگی فیصل چاچڑ اور دیگر پولیس افسران اور کاٹی کے ممبران نے بھی شرکت کی۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایبٹ آباد میں آئی ٹی ایف–پی ٹی ایف وہیل چیئر ٹینس کوچنگ کیمپ کا آغاز

ایبٹ آباد، (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) اور انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے