سرگودھا (بیورو رپورٹ) سرکاری اداروں میں گورننس اورسروس ڈلیوری کی بہتری، حکومتی پالیسیوں پر بر وقت عملدرآمد اور سسٹم میں شفافیت کیلئے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے میکانزم کے جائزے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، تمام محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اور کمشنر لاہور ڈویژن نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ بطور پبلک سرونٹ ہمارے کندھوں پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم حکومت کی پالیسیوں پر بر وقت عملدرآمد کیلئے گورننس اور سروس ڈلیوری کو بہتر کریں اور دن رات عوامی خدمت کیلئے کام کریں تاکہ نا صرف عوام کو ریلیف مل سکے بلکہ سسٹم بھی صیحح طریقے سے چلے۔ چیف سیکرٹری نے افسران پر زور دیا کہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ڈیجیٹائزیشن کریں تاکہ قیمتی وقت اور پیسے کو بچایا جا سکے، آٹو میشن سے نظام میں شفافیت کے ساتھ ساتھ عملدرآمد میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بطور گورنمٹ سرونٹ عوامی نمائندوں کیساتھ مستقل رابطہ رکھیں اور انکے کام ترجیحی بنیادوں پر کریں تاکہ عوامی مسائل کا بروقت ازالہ ہو سکے۔ اجلاس میں یہ ہدایات بھی جاری کی گئیں کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل کے عمل میں نا قص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محکموں کے افسران کے خلاف کمشنرز کی سفارشات پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے تما م فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کی خود مانیٹرنگ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی شے کی عدم دستیابی کا مسئلہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی، ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کی حاضری کے علاوہ تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ اضلاع میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔
![]()