اسلام آباد (نوپ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شاہ فرمان کو خیبرپختونخواں کا گورنر مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ بنی گالا میں عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی مشاورت سے شاہ فرمان کو گورنر خیبر پختونخواں مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پارٹی چئیرمین عمران خان کی جانب سے منظوری دیے جانے کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ فرمان کو گورنر خیبر پختونخواں مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی وفاق میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکی ہے اور وفاقی حکومت ہی صوبوں میں گورنر کی تقرری کی مجاز ہوتی ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے گورنر سندھ کے لیے عمران اسماعیل اور گورنر پنجاب کے لیے چوہدری محمد سرور کو نامزد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنر خیبر پختونخواں اقبال ظفر جھگڑا نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ گورنر نومنتخب وزیراعلی سے حلف لینے کے بعد مستعفی ہو جائیں گے۔ گورنر خیبر پختونخواں آج اپنا استعفی صدر مملکت کو بھجوا دیں گے۔
![]()