میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے تحت سانحہ قصبہ و علیگڑھ، سانحہ سقوط ڈھاکہ اور سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے ایم کیو ایم پاکستان ڈسٹرکٹ آفس میں قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کا انعقاد ہوا جس میں رکن رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر ظفر کمالی، اراکین سندھ تنظیمی کمیٹی مجیب الحق، محمد عثمان، فقیر محمد میمن، نگراں ڈسٹرکٹ انچارج خوشی محمد مغل، ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارجز و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی ، تمام یوسیز کے آرگنائزرز و اراکین یوسی کمیٹیز، اے پی ایم ایس او، لیبر ڈویژن، لیگل ایڈ کمیٹی، میڈیکل ایڈ کمیٹی، ایلڈرز ونگ اور شعبہ خواتین سمیت دیگر تمام شعبہ جات کے ذمہ داران و کارکنان اور حق پرست کونسلرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ بعدازاں تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لئے صبر جمیل، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور حق پرستانہ تحریک کی سربلندی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ قبل اذیں ڈاکٹر ظفر کمالی نے کارکنان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حق پرستانہ تحریکی جدوجہد کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء تحریک کا اثاثہ ہیں اور ان کی لازوال قربانیاں تمام تحریکی ذمہ داران و کارکنان کے لئے مشعل راہ ہیں۔ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ قصبہ و علیگڑھ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے ۔ دہشت گردوں نے وحشیانہ قتل عام اور ظلم و بربریت کا جو بازار گرم کیا اس کی کوئی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی لیکن افسوسناک امر ہے کہ آج تک اس سانحہ میں ملوث درندہ صفت قاتلوں کو کوئی سزا نہیں دی گئی۔
![]()