تازہ ترین
Home / اہم خبریں / کوالالمپور میں جاری ویمنز سیریز میں انگلینڈ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 127 رنز سے شکست دے دی

کوالالمپور میں جاری ویمنز سیریز میں انگلینڈ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 127 رنز سے شکست دے دی

کوالالمپور (بیورو رپورٹ) کوالالمپور کنرارا اوول اکیڈمی میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو 127 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔ مہمان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے بیٹر نتالی سِوّر کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم 200 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم کی اوپنرز 67 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئیں۔ گذشتہ میچ میں سنچریاں اسکور کرنے والی ڈینی وائٹ اور ٹیمی بیماؤنٹ دوسرے میچ میں بالترتیب 6 اور21 رنزبناکر آؤٹ ہوگئیں تاہم اس موقع پر کپتان ہیتھر نائٹ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نتالی سِوّر کے ہمراہ 84 رنز کی شراکت قائم کرکے مہمان ٹیم کو میچ میں واپس لے آئیں۔ ہیتھر نائٹ 86 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئیں، ایمی جونز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد نتالی سِوّر اور فرین ولسن نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں بیٹرز نے 85 گیندوں پر 146 رنز کی برق رفتار شراکت قائم کرکے میچ میں انگلینڈ ویمنز ٹیم کی گرفت مضبوط کردی۔ نتالی سِوّر نے 12 چوکوں کی مدد سے سنچری اسکور کرتے ہوئے ناقابل شکست 100 رنز بنائے۔ فرین ولسن 49 گیندوں پر8 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 85 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے ندا ڈار نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی بیٹرز اننگز میں طویل شراکت قائم کرنے میں ناکام رہیں۔ 328 رنز کے تعاقب میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی پہلی وکٹ 24 رنز پر گری جب سدرہ امین 12 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔ دوسری وکٹ کے لیے ناہیدہ خان اور جویریہ خان کے درمیان 47 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ناہیدہ خان 40 اور جویریہ خان 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ کپتان بسمہ معروف نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم اس دوران کریز کے دوسرے اینڈ پر کسی بیٹر نے ان کا ساتھ نہ دیا۔ بسمہ معروف نے نصف سنچری اسکور کی۔ وہ 64 رنزبناکر آؤٹ ہوئیں۔ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی جانب سے شرب سول، سارہ گلین، ہیتھر نائٹ اور صوفی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ میں 86 رنز بنانے اور 2 وکٹیں حاصل کرنے پر کپتان انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم ہیتھر نائٹ کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 14 دسمبر کو کنرارا اکیڈمی اوول میں کھیلا جائے گا۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

وفاقی اردو یونیورسٹی میں مبینہ لاقانونیت کے خلاف اساتذہ کا کراچی پریس کلب پر احتجاج، آصف زرداری سے نوٹس لینے کا مطالبہ

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) وفاقی اردو یونیورسٹی کے عبدالحق کیمپس کی انجمن اساتذہ کے زیر …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے