کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان مسلسل دوسری بار اسکریبل کا جونئیر ورلڈ چیمپیئن بن گیا۔ سید عماد علی نے انگلینڈ میں ہونے والی جونئیر ورلڈ اسکریبل چیمپیئن شپ جیت لی۔ چھ میں سے پانچ کٹیگریز کے ورلڈ ٹائٹلز پاکستان کے نام رہے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے شہر ٹورکے میں کھیلی جانے والی تین روزہ چیمپیئن شپ میں سید عماد علی تینوں روز ٹاپ پوزیشن پر براجمان رہے۔ انہوں نے بیس میں سے سترہ میچز جیت کر 2159 کے اسپریڈ اسکور کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ تیرہ سالہ عماد جونئیر ورلڈ اسکریبل چیمپیئن شپ جیتنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔ عماد علی ورلڈ یوتھ اسکریبل اور جونئیر ورلڈ چیمپیئن شپ جیتنے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ مسلسل دوسرے سال جونئیر ورلڈ چیمپیئن بننے کا اعزاز پاکستان کو حاصل ہوا۔ گزشتہ سال معیذ اللہ بیگ نے انگلینڈ ہی میں جونئیر ورلڈ چیمپیئن شپ جیتی تھی۔ جونئیر ورلڈ چیمپیئن سید عماد علی کا کہنا تھا کہ والدین اور پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کی سپورٹ کی بدولت وہ چیمپئین شپ جیتنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے اس ایونٹ کیلئے کافی مہینے پریکٹس کی، دیار غیر میں پاکستان کا نام روشن کرکے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ جونئیر ورلڈ اسکریبل چیمپیئن شپ کے دوران پاکستانی پلیئرز نے انتہائی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹاپ فائیو پوزیشنز اور کئی ٹرافیز اپنے نام کیں۔ دانیال ثناء اللہ نے پندرہ فتوحات کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ حسان ہادی خان تیسرے، صہیب ثناء اللہ چوتھے اورحماد ہادی خان پانچویں نمبر پر رہے۔ چھ میں سے پانچ کٹیگریز کے ٹائٹل بھی پاکستان کے نام رہے۔ انڈر 18 کٹیگری کا ورلڈ ٹائٹل پاکستان کے میں طحہ مرزا کے نام رہا، انڈر 14 میں صائم وقار نے میدان مارا ۔ انڈر 12 میں مونس خان اور انڈر 10 میں مصباح الرحمن ورلڈ چیمپیئن بنے۔ سابق ورلڈ اسکریبل چیمپیئن بریٹ اسمیتھرم نے انعامات تقسیم کئے۔
![]()