بینکاک (رپورٹ: عمران یوسف کسانہ) تھائی لینڈ میں جاری انٹرنیشنل ایشین شوٹنگ مقابلے میں پاکستان نے طلائی تمغہ جیتنے کے بعد اب کانسی کا تمغہ بھی حاصل کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ میں جاری شوٹنگ ایونٹ میں 10 ایشین ممالک کے 100 سے زیادہ شوٹروں نے حصہ لیا۔ یہ مقابلہ چین، سنگاپور، تھائی لینڈ، ملائشیا اور مکاؤ کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔ سندھ سے تعلق رکھنے والے ارسلان انور نے بنکاک میں منعقدہ ایشین انٹرنیشنل ڈیفنسری پستول ایسوسی ایشن کپ (آئی ڈی پی اے) مقابلے میں پاکستان کے لئے سونے کا تمغہ جیتا۔ پاکستان کے ہی کمانڈو عبد الشکور نے بھی مارکس مین زمرے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے دونوں کمانڈوز اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ کا حصہ ہیں۔ ایس ایس یو کمانڈنٹ مقصود احمد نے کمانڈوز کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پولیس فورس پر زور دیا کہ وہ اچھی صلاحیتوں، تکنیکوں اور صلاحیتوں کو حاصل کریں اور جرائم کی روک تھام کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ کمانڈنٹ نے مزید کہا کہ ایس ایس یو جدید تربیت فراہم کرنے اور اپنے کمانڈوز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر زیادہ سے زیادہ توجہ دے رہی ہے۔
![]()