Home / اہم خبریں / کراچی میں مرکزی جلوس میلاد النبی بروز اتوار کو ٹھیک 3 بجے سہ پہر نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے علماء و مشائخ کی قیادت میں برآمد ہوگا۔ امیر جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی علامہ سید شاہ عبدالحق قادری

کراچی میں مرکزی جلوس میلاد النبی بروز اتوار کو ٹھیک 3 بجے سہ پہر نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے علماء و مشائخ کی قیادت میں برآمد ہوگا۔ امیر جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی علامہ سید شاہ عبدالحق قادری

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبدالحق قادری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں مرکزی جلوس میلاد النبی بروز اتوار12 ربیع الاول بمطابق 10 نومبر 2019ء کو ٹھیک 3 بجے سہ پہر نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے علماء و مشائخ کی قیادت میں برآمد ہوگا۔ اس سال گرین لائن بس پروجیکٹ کی وجہ سے کیپری سنیما سے نمائش جانے والا روڈ بند ہے اس لئے مرکزی جلوس کیپری سے پہلے بائیں جانب مڑ کر سولجر بازار کے راستے نشتر پارک پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم امت مسلمہ کا اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے والہانہ وابستگی عقیدت اور عہد کے اظہار کا نام ہے اور یہی محبت، اطاعت اور غلامی جز و دین ہی نہیں بلکہ اصل دین اور حا صل دین ہے۔ عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ماہ ربیع الاول میں ہر قسم کے خطرات کی موجودگی اور نشتر پارک بم دھماکے کے دردناک سانحہ کے باوجود جس جوش و جذبے سے محافل اور جلوس میں شریک ہوتے ہیں اس کی مثال تمام مذاہب عالم کے ماننے والے پیش کرنے سے قاصر ہیں۔ پریس کانفرنس میں حاجی حنیف طیب، مولانا ابرار احمد رحمانی، مولانا خلیل الرحمان چشتی، مولانا سید عبدالقادر شیرازی، ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری، سید رفیق شاہ، قاضی نور الاسلام، مولانا الطاف قادری، علامہ کامران قادری بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس میں قائدین نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی کے جن علاقوں سے جلوس برآمد ہوں گے وہاں لاء ان آرڈر سے متعلق تمام امور حسب سابق رکھے جائیں۔ بیرونی تخریب کاری پر بھی نظر رکھنا بے حد ضروری ہے۔ مشتر کراچی اور تمام اضلاع کے کنٹرول روم میں ذمہ دار حضرات کی 24 گھنٹے موجودگی بے حد ضروری ہے تاکہ بروقت کسی بھی ہنگامی صورت حال سے آگاہ کرنے میں مدد ملے۔ جلوسوں اور جلسے کی مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی درستگی اور ان کے ذریعے نگرانی بے حد ضروری ہے۔ جماعت اہلسنّت نے ارباب حکومت ایڈیشنل آئی جی، کمشنر کراچی تمام ڈپٹی کمشنرز اور میئر کراچی کو آگاہ کر دیا ہے تاہم صفائی ستھرائی سڑکوں کی مرمت اور اسٹریٹ لائٹس کی درستگی پر کام نہ ہونے کے برابر ہے۔ جماعت اہلسنّت کراچی کے الیکٹرک کے ذمہ داران سے مطالبہ کرتی ہے کہ میلاد النبی کے جلوسوں اور جلسوں کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متبادل نظام تیار رکھا جائے۔ جماعت اہلسنّت سپریم کونسل کے رکن حاجی حنیف طیب نے موجودہ حکومت پر زور دیا کہ وہ غریب عوام پر رحم کرے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات کرے موجودہ حکومت نے انتخابات میں وعدے تو بہت کیے تھے لیکن نتیجہ بالکل صفر ہے، جماعت کا نام تحریک انصاف ہے دعویٰ ریاست مدینہ کا ہے لیکن نہ تو عوام کے ساتھ انصاف کیا جارہا ہے اور نہ ہی ریاست مدینہ کے نام کی لاج رکھی جا رہی ہے۔ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ آئی ایم ایف کے چنگل سے جان چھڑائے اور بیرونی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عوام کی بھلائی کیلئے اقدامات کرے جس کے لئے انہیں ووٹ دیے گئے۔ موجودہ حالات میں ریاست اور ملک بچانے کیلئے اس وطن اور عوام کو نظریہ پاکستان کے حقیقی مقصد یعنی صرف اور صرف نظام مصطفی کی ضرورت ہے یہی وہ واحد راستہ ہے جسے اختیار کرنے سے ہم اپنے وطن پاکستان کو مضبوط مستحکم اور محفوظ بناسکتے ہیں۔ جماعت اہلسنّت الیکٹرونک میڈیا سے اپیل کرتی ہے کہ میلاد النبی کی مناسبت سے محافل نعت، محافل حسن قرات اور اسوۂ رسول سے متعلق خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11: 26 میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل نہایت دلچسپ مرحلے میں داخل

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے 26 میچز …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے