کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) موجودہ دور میں فیشن و بیوٹی انڈسٹری تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ نئے ٹیلنٹ کو متعارف کرانے کے لئے پرکشش چہروں کا انتخاب اب مشکل ہو گیا ہے گویا کہ مقابلے کی فضاء بن چکی ہے۔ آئے دن نئی ماڈلز و اداکاروں کی آمد کا سلسلہ چل نکلا ہے۔ ماضی میں بہت سی نامور ترین اداکارائیں جن میں بابرا شریف نے ماڈلنگ میں اپنی شناخت بنائی جس کے بعد وہ بڑے پردے پر جلوہ گر ہوئیں توان کی صلاحیتوں کے ڈنکے چار سو بج رہے تھے۔ خوبصورت، نوجوان اکیس سالہ پریسہ بخاری جب ریمپ پر آتی ہیں تو ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ ان کے انداز کی بھی داد دی جاتی ہے۔ پریسہ کا اپنے حوالے سے کہنا ہے کہ میرے والد احسن بخاری پولیس انسپکٹر تھے۔ وہ کہتی ہیں پیشہ کے لحاظ سے میں ایک بینکر ہوں مگر اس کے ساتھ جب میں نے رنگ و روشنی کی دنیا میں قدم رکھا تو رشتہ داروں نے بے حد مخالفت کی تاہم میرے گھر والوں نے ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی جس کی بناء پر میں اپنے اندر کے فنکار کو باہر لانے میں کامیاب ہوئی ہوں۔ پریسہ بخاری کے پسندیدہ فنکاروں میں مہوش حیات، ہمایوں سعید، فہد مصطفےٰ، فواد خان، مائرہ خان، صبا قمر، سچل شامل ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ اداکارہ بننا ان کا خواب ہے اور وہ ہر طرح کے چیلنجنگ کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔ پریسہ بطور ماڈل متعدد برائیڈل شوٹ کر چکی ہیں جبکہ کئی میگزین کے سرورق کی زینت بھی بن چکی ہیں وہ کہتی ہیں کہ ریمپ پر واک ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے۔ ماڈلز میں اعتماد انہیں آگے بڑھنے میں مدد دیتا ہے۔ پریسہ کا ماننا ہے کہ منکسرالمزاجی سے آپ کے آگے بڑھنے کے راستے کھلتے چلے جاتے ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ میں روشن خیال ہوں اور چیزوں کو بولڈ انداز میں دیکھتی ہوں۔اپنی رائے کا کھل کر اظہار کرتی ہوں۔
![]()