کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر کا رینجرز کے ونگ کمانڈر کرنل محمد شبیر کے ہمراہ سمندری طوفان کے اثرات سے متاثرہ جزیروں بابا اور بھٹ کا ہنگامی دورہ، کیماڑی جیٹی سمیت جزیروں پر متاثرین کے لیے لگائے گئے کیمپوں پر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، متاثرہ ماہی گیروں کے تمام نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، گھروں پر جاکر ماہی گیروں سے مسائل معلوم کر کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان کے اثرات کے باعث ماہی گیروں کے گھروں میں پانی داخل ہونے اور ان کے مسائل میں اضافے کی اطلاعات کے بعد چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر رینجرز کے ونگ کمانڈر کرنل محمد شبیر کے ہمراہ ہنگامی دورے پر ساحلی جزیروں بابا اور بھٹ پہنچ گئے۔ جہاں پر انہوں نے ماہی گیروں کے گھروں پر ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبرنے ماہی گیروں کے گھروں میں جاکر ان سے مسائل معلوم کیے اور ایف سی ایس انتظامیہ کو ان مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔ متاثرہ ماہی گیروں نے چیئرمین عبدالبر کو اپنی دہلیز پر دیکھ کراطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔ ماہی گیروں کا کہنا تھا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہمارا چیئرمین ہمارے درمیان ہے جس کی ہمیں بہت خوشی ہے اب ہماری تکلیف کچھ کم ہو گئی ہے۔ چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر نے متاثرہ ماہی گیروں کو یقین دلایا کہ آپ کے ہونے والے تمام نقصانات کا ازالہ آپ کا چیئرمین کرے گا اور قدرتی مصیبت کی اس گھڑی میں آپ کا چیئرمین اور آپ کا ادارہ فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی آپ کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے رینجرز کے ونگ کمانڈر کرنل محمد شبیر کے ہمراہ متاثرہ ماہی گیروں کے لیے کیماڑی، بابا آئی لینڈ اور بھٹ آئی لینڈ پر لگائے گئے امدادی کیمپوں کا ہنگامی دورہ کیا اور وہاں پر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لے کر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رینجرز کے ونگ کمانڈر کرنل محمد شبیر نے متاثرہ ماہی گیروں اور چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر کو یقین دلایا کہ رینجرز کے جوان مصیبت کی اس گھڑی میں ماہی گیر برادری کے ساتھ ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز ماہی گیروں کے ادارے فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کے ساتھ مل کرماہی گیروں کے دیگر مسائل کے حل کے لیے کوشاں رہے گی۔ چیئرمین عبدالبر نے ایف سی ایس انتظامیہ کو ہدایت جاری کی کہ متاثرہ ساحلی جزیروں پر ماہی گیروں کے گھروں سے پانی نکال کر مچھر مار اسپرے کرایا جائے، اور جزیروں کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے وہاں پر کچرا کنڈیاں تعمیر کرائی جائیں تاکہ وہاں پر وبائی امراض نہ پھوٹ پائیں۔ چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر نے مینجر ایف سی ایس اور مینجر ویلفئیر کو ہدایت کی کہ وہ فوری طورپر متاثرہ ماہی گیروں کے نقصانات کی تفصیل جمع کر کے ان کے نقصانات کے فور ی ازالے کو یقینی بنائیں۔
![]()