کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق ایڈیشنل سیکریٹری اطلاعات طاہر ملک نے ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں ڈینگی وبائی شکل اختیار کر کیا گیا ہے لیکن سندھ حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ اپنے بیان میں طاہر ملک نے کہاکہ شہر کر اچی کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے اور سندھ حکو مت کچرا اٹھانے پر توجہ نہیں دے رہی ہے جبکہ بارشوں کے بعد بھی شہر میں کوئی بھی اسپرے نہیں کیا گیا۔ جس کے باعث شہر میں مختلف بیماریاں پھیلنے لگی اور ڈینگی وائرس نے تشویش ناک حد تک پھیلنا شروع کردیا ہے۔ اب تک ڈینگی درجنوں افراد کی جان بھی لے چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور کے ایم سی کی جانب سے ڈینگی وائرس کے معاملے پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ کراچی کے شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ صوبائی حکومت اور بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر میں ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لئے کیڑے مار ادویات کا اسپرے کرتے اور فوری اقدامات کرتے لیکن ایسا نہیں ہو سکا اور صوبے کے لوگوں مرنے کے لئے چھوڑ دیا گیا ہے۔
![]()