تازہ ترین
Home / اہم خبریں / نیشنل ٹی 20 لیگ میں خیبر پختونخوا نے سندھ کو 6 وکٹوں سے جبکہ سنٹرل پنجاب نے بلوچستان کو 57 رنز سے شکست دے دی

نیشنل ٹی 20 لیگ میں خیبر پختونخوا نے سندھ کو 6 وکٹوں سے جبکہ سنٹرل پنجاب نے بلوچستان کو 57 رنز سے شکست دے دی

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں خیبر پختونخوا نے گوہر علی اور نبی گل کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت سندھ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ میں خیبرپختونخوا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ 15 کے اسکور پر 2 وکٹیں گنوانے کے بعد سندھ کے بلے بازوں نے محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم دانش عزیز نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ناقابل شکست 26 رنز اسکور کیے۔ مقررہ 20 اوورز میں سندھ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ سندھ کی جانب سے محمد وقاص 36 گیندوں پر 36 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ آف اسپنر ساجد خان نے 28 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں خیبر پختونخوا کے اوپنر گوہر علی اور مڈل آرڈر بیٹسمین نبی گل نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت کی بنیاد رکھ دی۔ گوہر علی نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 28 گیندوں پر 49 رنز اسکور کیے۔ نبی گل نے 4 چھکوں اور 1 چوکے کی بدولت 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ خیبر پختونخوا نے 170 رنز پر مشتمل مطلوبہ ہدف 16 گیندوں قبل حاصل کرلیا۔ سندھ کی جانب سے فاسٹ باؤلر غلام مدثر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں سنٹرل پنجاب نے بلوچستان کو 57 رنز سے شکست دے دی۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سنٹرل پنجاب نے مڈل آرڈر بلے باز محمد سعد اور اوپنر نعمان انور کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 198رنز بنائے۔ محمد سعد نے 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 66 رنز اسکور کیے۔ نعمان انور نے 36 گیندوں پر 62 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ بلوچستان کی جانب سے اکبر رحمٰن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں بلوچستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز ہی بناسکی۔ آل راؤنڈر ابتسام شیخ کے علاوہ بلوچستان کا کوئی بھی کھلاڑی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔ ابتسام شیخ نے 25 گیندوں پر 46 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں ناکام رہے۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے اسپنر رضا علی ڈار نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

وفاقی اردو یونیورسٹی میں مبینہ لاقانونیت کے خلاف اساتذہ کا کراچی پریس کلب پر احتجاج، آصف زرداری سے نوٹس لینے کا مطالبہ

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) وفاقی اردو یونیورسٹی کے عبدالحق کیمپس کی انجمن اساتذہ کے زیر …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے