لاہور (سپورٹس ڈیسک) ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ کی پہلی اننگز میں خیبر پختونخوا کے 484 رنز کے جواب میں سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 278 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ میزبان ٹیم کے فاسٹ باؤلر ثمین گل نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ خیبر پختونخوا نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 30 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل میچ کے تیسرے روز مہمان ٹیم کے کپتان اظہر علی اور عثمان صلاح الدین نے 45 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو مڈل آرڈر بلے باز مکمل طور پر ناکام ہوگئے۔ 143 رنزپرسنٹرل پنجاب کے 8 پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ اس موقع پر تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور شاندار سنچری اسکور کی۔ انہوں نے وقاص مقصود کے ہمراہ آٹھویں وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت قائم کی۔ 215 گیندوں کا سامنا کرنے والے کامران اکمل نے 19 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 136 رنز بنائے۔ وقاص مقصود 62 گیندوں پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے ثمین گل نے 57 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 206 رنز کی برتری سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی خیبر پختونخوا کی ٹیم نے دن کے اختتام پر 30 رنز بنالیے ہیں اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ چکا ہے۔ میچ کے چوتھے روز اسرار اللہ 8 اورخوشدل شاہ 1 رنز سے کھیل کادوبارہ آغاز کریں گے۔ دوسری جانب کے آرایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری میچ کی پہلی اننگز میں بلوچستان کی پوری ٹیم 450 رنز کے جواب میں 301 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بلوچستان کی جانب سے عمران بٹ اور ابوبکر کے بعد آصف ذاکر نےبھی نصف سنچری اسکور کی۔ ناردرن کے اسپنر نعمان علی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ کے تیسرے روز ناردرن نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کردیاہے۔ اس سے قبل میچ کے تیسرے روز بلوچستان نے 119 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا تو مڈل آرڈر بیٹسمین آصف ذاکر کے علاوہ کوئی کھلاڑی بھی اسپنر نعمان علی کی گھومتی گیندوں کا مقابلہ نہ کرسکا ۔ مڈل آرڈر بیٹسمین نے 9 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ عمران بٹ 59 رنز بناکر مہمان ٹیم کے دوسرے بہترین بیٹسمین رہے۔دن کے اختتام پر ناردرن نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 75 رنز بنالیے ہیں۔ ناردرن کی میچ میں مجموعی برتری 224 رنز تک پہنچ چکی ہے۔میچ کے آخری روز ذیشان ملک 54 اور حیدر علی 20 کے انفرادی اسکور سے کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ میں سندھ کی ٹیم فالو آن کا شکار ہوگئی۔ 546 رنز کے جواب میں سندھ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 284 رنز پرڈھیر ہوگئی۔ دوسری اننگز میں بھی میزبان ٹیم کے 3 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ اس سے قبل سندھ نے 90 رنز 1 کھلاڑی آؤٹ سے میچ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو سدرن پنجاب کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر راحت علی اور آلراؤنڈر عامر یامین کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے میزبان ٹیم کے بلے باز بے بس دیکھائی دئیے۔ راحت علی نے 4 جبکہ عامریامین اور ذاہد محمود نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسد شفیق 57 اور سعد علی کے 55 رنز کے علاوہ کوئی میزبان ٹیم کا کوئی بلے باز خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔ 266 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کاآغاز کرنے والی سندھ کی ٹیم کا دوسری اننگز میں آغاز بھی متاثر کن نہ رہا ۔ دن کے اختتام پر میزبان ٹیم کے 3 کھلاڑی محض 58 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ عمیر بن یوسف 33 اور فواد عالم 12 کے انفرادی اسکور سے میچ کے آخری روز سندھ کی جانب سے کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔
![]()