لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ نے اومان ہاکی ٹیم کو چوتھے اور آخری میچ میں 0-7 گول سےشکست دیکر سیریر جیت لی، گورنر پنجاب غلام سرور اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے انکے ہمراہ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپین آصف باجوہ، چیئرمین قومی سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جونیئر بھی موجود تھے، امجد علی خان کی شاندار ہیٹ ٹرک،
چار میچز کی سیریز میں حصہ لینے کے لئے پاکستان کے دورہ پر آئی ہوئی اومان ہاکی ٹیم پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ کے مدمقابل اپنا چوتھا اور آخری میچ بھی 0-7 گول سے ہار گئی۔پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ نے میچ کے آغاز سے ہی کھیل پر اپنی دسترس جمالی۔ پاکستان کی فارورڈ لائن نے اومان ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پہلے کواٹر کے اختتام تک تین گول داغ ڈالے۔ پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ کی جانب سے کھیل کے چوتھے منٹ میں گول سکور کرکے برتری دلائی، ابھرتے ہوئے کھلاڑی فل بیک امجد علی خان نے پینلٹی کارنرز پر ڈریگ فلک کے ذریعہ تین خوبصورت گول کئے جبکہ سمیع اللہ، علی عزیز اور شان ارشاد نے ایک ایک گول سکور کیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کی کوچنگ اولمپیئن خواجہ جنید، ہیڈ کوچ/ مینجر قومی ہاکی ٹیم کی زیر نگرانی اولمپیئن وسیم احمد، اولمپیئن سمیر حسین، اجمل خان لودھی اور رانا ظہیر احمد کر رہے تھے جبکہ پاکستان ہاکی ٹیم کے ڈاکٹر کے فرائض ڈاکٹر سید اسد عباس نے سرانجام دیئے۔ اولمپیئن ناصر احمد بطور گول کیپنگ کوچ قومی ٹیم کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اومان ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری پاکستان کے مایہ ناز اولمپیئن طاہر زمان سرانجام دے رہے ہیں۔ اس میچ کو انٹرنیشل ہاکی ایمپائر بینش حیات اور یاسر خورشید نے سپروائز کیا جبکہ مبشر نے بطور ریزرو ایمپائر فرائض سرانجام دیئے۔ ٹورنامنٹ / سیریز آفیسر وحید مرزا تھے جبکہ ججز کے فرائض میاں سہیل اشرف، شاہد گل اور شفقت ملک نے سرانجام دیئے۔ اس سیریز کے ڈائریکٹرکے طور پر اولمپیئن انجم سعید نے فرائض سرانجام دیئے۔ پاکستان، اومان ہاکی سیریز کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب غلام سرور تھے۔ سٹیڈیم آمد پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپین آصف باجوہ نے پی ایچ ایف عہدیداران کے ہمراہ انکا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کو سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ نے پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔ معزز مہمان خصوصی کو کھلاڑیوں اور آفیشلز سے تعارف کے لئے گراؤنڈ میں لے جایا گیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ سربراہ پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ، چیئرمین قومی سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جونیئر، سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن لیفٹینٹ کرنل ر آصف ناز کھوکھر، رائے عثمان اکبر ایسوسی ایٹ سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن، میجر ر جاوید ارشد منج ڈائریکٹر ایڈمن پی ایچ ایف، اولمپین اختر رسول چوہدری سابق صدر پی ایچ ایف، اولمپین خواجہ جنید، اولمپیئن طاہر زمان، اولمپیئن سمیر حسین، اولمپیئن وسیم احمد، ڈاکٹر اسد عباس شاہ، اولمپیئن ناصر احمد، ایمپائرز مینجر راشد بٹ، غضنفر اعوان چیف ایگزیکٹو میٹاڈور، محمد یعقوب انٹرنیشنل، غلام غوث پروگرام ڈویلپمنٹ آفیسر ایشیئن ہاکی فیڈریشن، محمد شفیق بھٹی ایڈمنسٹریٹر جوہر ٹاؤن ہاکی سٹیڈیم سمیت دیگر اولمپین اور انٹرنیشنل کھلاڑی بھی موجود تھے۔ تقریب تقسیم انعامات میں مہمان خصوصی گورنر پنجاب غلام سرور نے صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر کے ہمراہ کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کئے۔ میڈٰیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری غلام سرور نے کہا کہ پاکستان کے لئے یہ بات بہت خوش آئیند ہے کہ انٹرنیشنل ٹیموں نے پاکستان کو کھیلوں کے لئے سازگار ملک قرار دیتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا اور پاکستان کے دورے پر آئیں، کرکٹ کے ساتھ ساتھ ہاکی میں بھی انٹرنیشنل سطح پر کھیلوں کے دوروں سے پاکستان کا سافٹ امیچ بہتر ہوگا۔ انہوں نے شاندار ایونٹ کے انعقاد پر صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپیئن آصف باجوہ کو مبارکباد پیش کی اور اس اقدام کو پاکستان ہاکی کے لئے خوش آئیند قرار دیا۔
![]()