کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) متحدہ قومی موومنٹ کے منتخب نمائندوں کے عوام کے ساتھ رویئے وڈیروں جیسے ہوگئے۔ چیئرمین کورنگی نیئر رضا کی خواتین اساتذہ سے بد تمیزی کے بعد رکن صوبائی اسمبلی لانڈھی پی ایس 94 ہاشم رضا نے بھی پانی منگنے والے احتجاجی مظاہرین کو قابو کرنے کے لیے پولیس بلا لی۔ پانی مانگنے پر ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی پی ایس 94 ہاشم رضا نے پولیس طلب کرلی۔ پولیس نے احتجاج کرنے والے خواتین، مرد اور بچوں کو ایم پی اے کے حکم پر مار کر بھگا دیا۔ دو روز قبل ایم کیو ایم پاکستان کے چیرمین کورنگی نے بھی تنخواہوں کے لئے احتجاج کرنے والے مہاجر اساتذہ پراپنے دفتر میں گارڈ اور پی اے سے تشدد کرایا تھا جبکہ ان کے گارڈ نے خواتین اساتذہ پر اسلحہ تان لیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی کا علاقہ گزشتہ 4 سال سے کربلا بنا ہوا ہے۔ یہاں واٹر بورڈ کے نا اہل افسران نے پانی فراہم نہ کرنے کی قسم کھا رکھی ہے۔ احتجاجی مظاہرین صرف پانی مانگنے آئے تھے اور انکا کہنا تھا کہ ہاشم رضا نے رہائشی علاقے کا وال بند کورا کر صنعتی علاقے کو پانی فروخت کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ لانڈھی وہ علاقہ ہے جہاں سے شہر کو پانی فرہم کرنے کی درجنوں مرکزی لائنیں گزرتی ہیں تاہم سابقہ سیاسی دباؤ میں لانڈھی کی لائینوں میں غیر قانونی اور بے ہنگم کنکشنز سیاسی بنیاد پر بھاری رقوم وصول کر کے دیے گئے جس کے باعث پانی آخری سروں تک نہیں پہنچ پاتا۔ یہاں سے ہمیشہ ہی ایم کیو ایم پاکستان کامیاب ہوتی رہی ہے جبکہ یہاں مختلف سیاسی جماعتوں کو زبردستی مسلط کرنے کی کوشش کی گئی اس کے باوجود ایم کیو ایم ہی کامیاب ہوئی تاہم اب یہاں کے رہائشی ایم کیو ایم کی مرکزی قیادت کی لانڈھی کو نظر انداز کرنے کی پالیسی سے اکتا گئے ہیں اور شاید ایم کیو ایم پاکستان کو بھی اب یہاں سے کامیاب ہونے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے اسی لیے نہ تو چیئرمین اور نہ ہی ایم پی اے کے گھٹیا سلوک کا نوٹس لیا گیا ہے اور نہ ہی یہاں کے مسائل حل کرانے میں ایم کیو ایم سنجیدہ نظر آ رہی ہے۔
![]()
![]()