لاہور (بیورو رپورٹ) پاکستان ریلوے کی جانب سے عید الفطر پر پانچ ٹرینوں کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے عید الفطر کے موقع پر اعلان کردہ پانچ اسپیشل ٹرینوں کا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے تحت ٹرینوں میں ٹکٹوں کی بکنگ کا آغاز انتیس مئی سے ہوگا۔ ٹکٹ آن لائن اور ریزرویشن دفاتر سے حاصل کیے جاسکیں گے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے عید الفطر کے موقع پر پانچ اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا تھا جس کا باقاعدہ شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ شیڈول کے تحت پہلی عید اسپیشل ٹرین دو جون کو کراچی سٹی اسٹیشن سے صبح دس بجکر پینتالیس منٹ پر پشاور روانہ ہو گی۔ دوسری عید خصوصی ٹرین بھی دو جون کو کوئٹہ سے صبح گیارہ بجکر تیس پر راولپنڈی روانہ ہوگی۔ تیسری اسپیشل ٹرین تین جون صبح گیارہ بجے کراچی کینٹ اسٹیشن سے لاہور روانہ ہوگی۔ چوتھی خصوصی ٹرین چار جون کو صبح آٹھ بجے راولپنڈی سے کوئٹہ روانہ ہو گی جبکہ پانچویں عید اسپیشل ٹرین چار جون کولاہور سے شام چھ بجے کراچی کینٹ روانہ ہوگی۔ دوسری جانب پاکستان ریلوے نے مسافروں کے لئے اسپیشل عیدی کا بھی اعلان کیا ہے جس کے تحت عید کے روز سفر کرنے والے مسافروں کو تمام ٹرینوں میں پچاس فیصد رعایت حاصل ہوگی۔
![]()