کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اس مہنگائی کے لئے تیار نہیں تھے یہ ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے قوم پر آزمائش آتی ہے انشاءاللہ پاکستان کے عوام مشکل سے باہر نکلیں گے۔ اب دعاؤں سے قصہ بڑھ گیا ہے عملی کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کومسلم لیگ فنکشنل سندھ پیر صدرا لدین شاہ راشدی کے افطار کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ افطار ڈنر میں مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی جن میں متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے عامر خان، سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، سینیٹر مظفر حسین شاہ، سندھ اسمبلی قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی، مسلم لیگ فنکنشل کے جنرل سیکریٹری سردار رحیم، نصرت سحر عباسی، عارف مصطفے جتوئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ پیر صاحب پگارا نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس مہنگائی کے لئے تیارنہیں تھے۔ میں تو اپنے لوگوں کو کہتا تھا کہ مہنگائی آئے گی تیار رہو۔ الیکشن سے پہلے کہا تھا کہ ڈالر کی قیمت بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم پر آزمائش آتی ہے۔ انشاءاللہ پاکستان کے عوام مشکل سے باہرنکلیں گے۔ پیر صاحب پگارا نے کہا کہ پریشانی ضرور آتی ہے۔ مہنگائی ہر گھر میں ہے۔ پاکستان میں جو صورتحال ہے اس سے ضرور نکلیں گے۔ اللہ اس ملک اور قوم سے ناراضگی دور کرے۔ افطار عشائیے میں سیاستدانوں کے علاوہ صحافتی تنظیموں کے عہدیداران نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جن میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، کراچی پریس کلب، کراچی یونین آف جرنلسٹس، ایسوسی ایشن آف پریس فوٹو گرافرز، ایسوسی ایشن آف پارلیمینٹری جرنلسٹس ( سندھ) اے پی جے سمیت دیگر نے شرکت کی۔
![]()