اسلام آباد (بیورو رپورٹ) توہین رسالت کیس میں بری ہونے والی آسیہ بی بی بیرون ملک چلی گئی۔ ذرائع کے مطابق توہین رسالت کیس میں بری ہونے والی آسیہ بی بی پاکستان سے باہرچلی گئی، آسیہ بی بی آزاد شہری ہے، وہ اپنی مرضی سے ملک چھوڑگئی۔ اس سے قبل بھی آسیہ بی بی کے بیرون ملک روانگی کی خبریں زیرگردش رہیں تھیں جس پر ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرفیصل نے آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان میں ہی موجود ہے۔ آسیہ مسیح پر الزام تھا کہ اس نے جون 2009 میں ایک خاتون سے جھگڑے کے دوران حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں توہین آمیز جملے استعمال کیے تھے۔ واضح رہے آسیہ بی بی کو توہین رسالت کے الزام میں 2010 میں لاہور کی ماتحت عدالت نے سزائے موت سنائی تھی، لاہور ہائیکورٹ نے بھی آسیہ بی بی کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کر دی تھی جس کے بعد ملزمہ نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی تھی۔ گزشتہ ماہ 31 اکتوبرکو سپریم کورٹ نے سزا کالعدم قرار دے کر آسیہ بی بی کورہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
![]()