راجن پور (رپورٹ: انعام باری) زراعت ہماری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ کسانوں کے خوشحال ہونے کی صورت میں ہی ملک خوشحال ہوگا۔ یہ باتیں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر راجن پور محمد اسد علی نے ضلعی زرعی مشاورتی کونسل و ٹاسک فورس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضلع بھر میں مقرر کردہ نرخوں سے زائد قیمت پر کھاد فروخت کرنے پر مختلف دوکان داروں پر ایک لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کر کے رقم سرکاری خزانہ میں جمع کرا دی گئی ہے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ 100 ایکڑ رقبہ پر ڈرپ ایری گیشن سسٹم کے ذریعے آب پاشی کی جارہی ہے جبکہ 50 ایکڑ سے زائد رقبہ کو سولر ٹیوب ویل کے منصوبہ کے تحت مستقل بنیادوں پر سیراب کرنے کا منصوبہ بھی تکمیل کے حتمی مراحل میں ہے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے کہا کہ ملاوٹ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے تمام کاشتکاروں کو بلا امتیاز سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاکہ وہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر کے اپنی اور ملکی معاشی حالت کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت، ڈسٹرکٹ آفیسر سائل فرٹیلیٹی، صدرکسان ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
![]()