کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول کی چیخیں ابو بچانے کیلئے ہیں لیکن ابو بچاؤ مہم کامیاب نہیں ہوگی۔ پی ٹی آئی کی حکومت سے اٹھاوریں آئینی ترمیم کو نہیں پیپلز پارٹی کی کرپشن کو خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اقتدار میں آکر ہمیشہ آئین شکنی کیں، عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے پیپلز پارٹی نے صرف وسائل پر لوٹ مار کی، 11 سال سے سندھ میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی عوام کو آئینی حقوق نہیں دے سکی، پیپلز پارٹی نے روٹی کپڑا اور مکان دینے کے بجائے عوام کو ان سے محروم کردیا۔ انھوں نے کہا کہ سندھ کے لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں کیا یہ خلاف آئین نہیں؟ کراچی سے کشمور تک عوام پینے کے پانی کے لئے ترس رہے ہیں بلاول کو اس پر آئین کیوں یاد نہیں آتا، جمہوریت کو خطرہ کا راگ الاپنے کے بعد اٹھارویں ترمیم پر ڈرامہ بازی رچائی جارہی ہے لیکن سندھ کے گاڈ فادر کو احتساب میں کوئی رعایت نہیں ملے گی، خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 5 سال وفاق میں حکمرانی کی اس وقت انہیں گھوٹکی کو گیس دینے کا خیال کیوں نہیں آیا، سندھ کی تباہی کے زمہ دار عوام کو مزید دھوکہ نہیں دے سکتے، بلاول ابو سے پوچھیں کہ 11 سال میں ہزاروں ارب روپے کہاں خرچ ہوئے۔
![]()