کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اللہ عزوجل کی بارگاہ میں توبہ و استغفار اور کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے جمعہ کو یوم الدعا کے طور پر منا یا جائیگا، حکومت کے راشن پیکیج کے اعلانات اچھا قدم ہے فوری راشن دینے کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے، نماز جمعہ کے بعد علماء کرام توبہ و استغفار اور ذکر و دعا کریں، ملک بھر میں رات کو اذانیں دی جائیں، اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں کورونا وائرس سے نجات کیلئے دعا اور توبہ استغفار کو نماز کے ساتھ معمول بنایا جائے، جمعہ کے روز بعد نماز جمعہ اور عشاء کے بعد خصوصی دعاؤں کیلئے لاؤڈ اسپیکر کھولنے کی اجازت دی جائے، لوگ اپنے گھروں میں رہ کر اجتماعی دعا میں شرکت کرسکیں، حکومت کے راشن پیکیج کے اعلانات اچھا قدم ہے فوری راشن دینے کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا، ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ فلاحی و سماجی تنظیمیں احسن طریقے سے مستحقین میں راشن فراہم کر رہی ہیں، حکومت کو ایک قدم آگے رکھ کر گھر گھر غریب کو راشن پہنچانے کے اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کرنے چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت بالخصوص سندھ حکومت کی کورونا کے خلاف کاروائی قابل تعریف ہے، ہمیں ایک قوم اور متحد ہوکر کورونا کے خلاف لڑنا ہوگا، کورونا سے احتیاط ہی علاج بھی ہے اور بچنے کا بہترین طریقہ ہے،عوام غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، حکومت کے انتہائی سخت اور اہم اقدامات عوام کی جان کے تحفظ کیلئے کئے گئے ہیں ہمیں حکومتی فیصلوں اور اقدامات پر ایسے ہی عمل کرنا چاہیے جیسے ڈاکٹر بیماری میں دوا کی پابندی کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس جان لیوا موذی وائرس سے خود بھی محفوظ رہنا ہے اور اپنی نسلوں کو بھی محفوظ بنا نا ہے، پاک فوج کا ہمیشہ کی طرح کورونا کے خلاف بھی کردار مثالی ہے، ہم کورونا کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم تمام ڈاکٹرز کو سلام پیش کرتے ہیں ہیں جو نہایت مستعدی کے ساتھ کورونا کے مریضوں کا علاج کررہے ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ تاریخ میں یاد رکھا جائیگا، کورونا سے شہید ہونیوالے ڈاکٹر کو خراج عقیدت پیش کریں ہیں پوری قوم کو ڈاکٹرز کی خدمات پر فخر ہے۔
![]()