نوشہرو فیروز (رپورٹ: امداداللہ ملک) ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ نے ضلع میں کرونا وائرس سے بچاؤ اور آگہی فراہم کرنے کے سلسلے میں علمائے کرام اور افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں کورنا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اس سلسلے میں ہمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہیں جس کے لئے علمائے کرام ہماری مدد کریں اور لوگوں کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فوری طور پر مذہبی تقریبات اور تہواروں پر پابندی عائد کردی ہے۔ انہوں نے علمائے کرام سے کہا کہ جمعہ کی نماز کھلے صحن میں پڑھائیں اور اردو کا خطبہ ختم کردیں اور لوگوں کو اس بات پر قائل کریں کہ نمازی فرض نماز کی ادائیگی کے بعد سنتیں گھروں میں ادا کریں۔ مساجد کے صحن کو دھو کر صاف کریں اور لوگوں سے کہیں کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ضلع میں 126 لوگ موجود ہیں جو جہاز یا سڑک کے رستے ایران، سعودی عرب اور دیگر ممالک سے آئے ہیں لیکن ان میں کوئی بھی کرونا کا مریض ظاہر نہیں ہوا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ذوالفقار بھن نے کہا کہ کرونا سے نمٹنے کے لئے مل کر حکمت عملی بنانا ہوگی جس کے لئے احتیاطی تدابیر تمام ضروی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بحریہ کالج نوشہرو فیروز اور گورنمنٹ ڈگری کالج مورو کے ہاسٹل ایمرجنسی کے لئے تیار ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو ٹینٹ سٹی بنا کر لوگوں کو وہاں منتقل کیا جائے گا۔ آئی سی ایچ کے ڈسٹرکٹ مینیجر ڈاکٹر فدا میمن نے کہا کہ لوگوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کریں اور باربار اپنے ہاتھ صابن سے دھوئیں۔ اس موقع پر علمائے کرام نے اپنے تعاون کا یقین دلایا اور لوگوں سے کہا کہ آفت کی اس گھڑی میں اللہ تعالی ٰ سے رجوع کریں اور اپنے گناہوں کی معافی مانگیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ٹاؤن کمیٹی کے چیئرمین سے کہا کہ شہروں میں مچھر اور جراثیم کش اسپرے کرائیں۔ اس موقع پر علمائے کرام کے علاوہ محکمہ پولیس، میونسپل کمیٹی، صحت، سوشل ویلفیئر، پی پی ایچ آئی، آئی ایس ایچ، لوکل گورنمنٹ، روینیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
![]()