Home / اہم خبریں / کرونا سے نمٹنے کے لئے فوری طور پر فوج کی خدمات حاصل کی جائیں۔ چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور

کرونا سے نمٹنے کے لئے فوری طور پر فوج کی خدمات حاصل کی جائیں۔ چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے فوری طور پرپاک فوج کی خدمات حاصل کی جائیں۔ فوج کی مداخلت اور مدد کے بغیر کرونا وائرس کو کنٹرول کرنا، حکومت کے بس کی بات نہیں رہی ہے۔ اگر ایک بار کرونا پورے ملک میں پھیل کر بے قابو ہوگیا تو پھر فوج کو بلانا بھی سود مند ثابت نہیں ہوگا۔ جسمانی طور پر صحتمند اور بیروزگار نوجوانوں کو قومی رضاکار کے طور پر بھرتی کر کے کرونا کے خلاف خدمات حاصل کی جائیں۔ ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں اضافے سے بچنے کے لئے فوڈ اسٹاک کی جانچ پڑتال کی جائے۔ دواؤں اور میڈیکل کے سامان سے تمام ٹیکس فوری طور پر ختم کئے جائیں۔ پاسبان پبلک سیکریٹریٹ کراچی میں کرونا وائرس سے بچنے اور ملک و قوم کو نجات دلانے کے لئے پاسبان عہدیداروں کے ایک ہنگامی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا کہ ایران اور دیگر ممالک سے آنے والے افراد سے یہ وبا سندھ سمیت پورے ملک میں پھیل چکی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی ہیں ایسے میں فوج کو بلانا نا گُزیر ہے۔ اس سے قبل کہ یہ وائرس بے قابو ہو کر پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لے، فوج کی خدمات  بڑے پیمانے پر حاصل کر لینی چاہئیں۔ چین، فرانس اور ملائیشیا سمیت جن ممالک میں کرونا کے خلاف فوج کو ذمہ داری سونپی گئی وہاں اس وائرس پر قابو پالیا گیا۔ الطاف شکور نے وفاقی و صوبائی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں بیروزگار نوجونوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے، ان تمام نوجوانوں کو بطور رضاکار بھرتی کیا جائے اور بنیادی تربیت دینے کے بعد انہیں معقول معاوضہ یا اعزازی تنخواہ کے عوض پورے ملک میں متحرک کیا جائے۔ ملک کی ہر گلی اور کوچے میں ان رضاکاروں اور پاک فوج کی مدد کے ساتھ انشاء اللہ جلد ہی اس وبا پر قابو پانے میں کامیابی حاصل ہوگی۔ الطاف شکور نے عدالت عظمی سے بھی اپیل کی کہ وہ اس تمام صورتحال کا ازخود نوٹس لے اور حکومتوں کو بیروزگار نوجوانوں کو قومی رضاکار کے طور پر بھرتی کرنے کا حکم جاری کرے۔ وہ تمام ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ہیلتھ ٹیکنشنز جو اس مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں اپنے فرائض سے منہ پھیرے گھروں میں بیٹھے ہیں انہیں ڈیوٹیز دینے کا پابند بنایا جائے ورنہ ان کے لائسنس منسوخ کئے جائیں۔ الطاف شکور نے کہا کہ کرونا وائرس کے مریضوں اور متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ان مریضوں کے علاج اور دیکھ بھال کے لئے بڑی تعداد میں صحت مند پیشہ ور افراد اور تیکنیکی ماہرین کی ضرورت ہے۔ لاکھوں شادی شدہ خواتین ڈاکٹرز اس وقت گھروں میں بیٹھی ہیں انہیں بھی فوری بھرتی کر کے کرونا وائرس کے سلسلے میں گھروں کے قریب کام کرنے کی اجازت دی جائے۔ مناسب صفائی ستھرائی کے بنا کوئی بھی ملک کرونا سمیت دیگر مہلک وبائی امراض سے نہیں بچ سکتا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نااہلی اور غفلت کی وجہ سے میگا سٹی کراچی کا حال بدترین ہوچکا ہے۔ جگہ جگہ گندے اور غلیظ پانی کے جوہڑ، کچرے کوڑے کے ڈھیر، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اس بیماری سے لڑنا ممکن نہیں ہے۔ صوبہ سندھ سب سے زیادہ اس وبا سے متاثر ہوا ہے اس لئے پورے ملک خصوصا سندھ کے ہر گاؤں اور شہر میں صفائی ستھرائی مہم چلائی جائے۔ کراچی میں فوری سینیٹری ایمرجنسی نافذ کی جائے۔ سڑکوں پر کچرا پھینکنے والے شہریوں کو گرفتار کر کے سزائیں دی جائیں۔ کچرا پھینکنے کیلئے کچرا کنڈیاں بنائی جائیں اور وہاں سے کچرا کسی دور جگہ لے جا کر پھینکنے کے انتظامات بھی کئے جائیں۔ لاک ڈاؤن جیسی صورتحال میں غریب لوگوں کو بھوک سے بچانے کے لئے گھروں میں راشن بیگز پہنچائے جائیں۔ شہریوں کو مفت علاج معالجہ کی سہولت دی جائے۔اس سنگین صورتحال میں حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ہی ہر شہری کے حق میں ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں نائٹ کرفیو نافذ کر کے غیر ضروری نقل و حرکت کو روکنا یقینی بنائیں تا کہ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے