کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و رکن سندھ اسمبلی بلال غفار نے گزشتہ شب گلستان جوہر بلاک 3 میں رینجرز مقابلے میں ڈاکوؤں کی ہلاکت اور رینجرز کی بروقت کاروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر کے امن و امان کو قائم رکھنے میں رینجرز کا کردار قابلِ تحسین ہے رینجرز کی جانب سے بروقت کاروائی کے پیشِ نظر شہریوں کی جان و مال محفوظ رہی، کراچی شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے لیے دشمن عناصر کوئی نہ کوئی سازش تیار کئے بیٹھے ہیں۔ میڈیا ڈپارٹمنٹ سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ حلقہ پی ایس 103 میں ڈکیتی کی وارداتیں بے قابو ہوتی جارہی ہیں خواتین بچے بزرگ مرد حضرات گھروں سے باہر نکلنے سے خوفزدہ ہیں دوسری جانب موبائل اسنیچنگ کی وارداتوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا، آفس، کالج و دیگر جانے والے افراد سے موبائل فون دن دھاڑے چھین لیے جاتے ہیں، انہوں نے کہا سندھ حکومت کے تعاون سے چلائی جانے والی آن لائن بس سروس جہاں عوام کو فائدہ پہنچا رہی ہے وہیں دوسری جانب جرائم پیشہ عناصر کے لیے عوام سے لوٹ مار کا باآسانی ذریعہ بھی بن گئی ہیں، عوام سے بس اسٹاپس پر دن دہاڑے موبائل فون چھین کر جرائم پیشہ عناصر فرار ہوجاتے ہیں، گزشتہ شب رینجرز کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بروقت کاروائی سے جرم کرنے والوں کو سبق و ہدایت ملے گی، پولیس جرائم کی شرح میں کمی تاحال نہ لاسکی، پولیس حکام کی جانب سے عوام کو وعدے دعوےٰ کے سوا محض کچھ نہیں ملا۔
![]()