کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان کی کراچی میں پی ٹی آئی مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ کی دعوت پر ان کے گھر آمد، پی ٹی آئی اراکین اسمبلی و دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی ان کے ہمراہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر بھی شریک تھے۔ پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی ڈاکٹر سعید آفریدی، بلال غفار، عباس جعفری، کریم بخش گبول، شہزاد قریشی، رابستان خان، شاہنواز جدون، عدیل احمد، سنجی گنگوانی، محمود مولوی، اشرف قریشی، نعیم عادل شیخ، حنید لاکھانی، ارشد جاوید و دیگر رہنما بھی موجود تھی۔ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے اراکین اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا 2025 تک 8000 ہزار میگا واٹ انرجی سسٹم میں آجائے گی۔ سندھ میں گیس کی قلت اس لئے ہوئی سندھ حکومت نے رائٹ آف وے نہیں دیا یہ غلط ہے کہ سندھ کی گیس دوسرے صوبوں میں چلی جاتی ہے سندھ میں 2000 ایم ایم سی ایف ڈٰی گیس پیدا ہوتی ہے جس میں سے پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں 500 ایف ایم ایم سی ایف ڈی گیس سوئی سدرن سے سوئی ناردن کو خود دی تھی۔ جس میں سے 250 واپس لیکر مختلف پاور پلانٹ کو دی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے دس سالوں میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومت میں کنوؤں کی کھدائی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے گیس کی پیداوار میں کمی ہوئی، ہم نے کمی پوری کرنے کے لئے کنوؤں کی کھدائی شروع کر دی گئی ہے۔ سندھ میں گیس کی قلت کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے۔ سندھ حکومت بروقت رائٹ وے دیتی تو سندھ میں گیس کے پریشر کے مسائل نہ ہوتے۔ یہ کام صوبہ سندھ کا تھا وہ پائپ لائن کا راستہ کلیئر کرکے دیتی۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومت میں بجلی لوڈشیڈنگ زیادہ تھی گھنٹوں گھنٹوں بجلی نہیں ہوتی تھی۔ پی ٹی آئی نے گزشتہ رمضان میں ہی لوڈ شیڈنگ پر قابو پالیا تھا۔ گزشتہ ادوار میں مہنگی بجلی بنانے کے پروجیکٹ لگائے گئے تھے جس کی وجہ سے بجلی کی قیمت مہنگی ہوگئی۔ موجودہ حکومت ایسے مہنگے پروجیکٹ ختم کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت وفاق سے تعاون نہیں کر رہی ہے سندھ میں 200 میگا واٹ کا ونڈ پاور پلانٹ لگایا جائےگا۔ پیپلز پارٹی کی کرپشن، منظر عام پر لاتے رہیں گے۔ وزیر اعظم کا مشن عوام تک بنیادی سہولیات پہنچانا ہے۔ کے الیکٹرک کے خلاف نیپرا نے ایکشن لیا ہے، کراچی کی عوام کا تحریک انصاف پر احسان ہے وزیر اعظم عمران خان بھی کراچی کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ساری ضروریات پوری کریں گے۔ کرپشن اور کرپٹ مافیاؤں کے خلاف پی ٹی آئی کا جہاد جاری ہے اور جاری رہے گی۔ پاکستان کے 80 فیصد فیڈر پر لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی ہے۔ چوری کے خلاف بلا تفریق کاروایاں جاری رہیں گی۔ پی ٹی آئی مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں اکثر ہم یہ واویلا سننتے آرہے ہیں کہ سندھ کی گیس کہاں چلی گئی، ناجانے کیا ظلم ہوگیا، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے سندھ کی حکومت خود سندھ کی عوام کے لئے سنجیدہ نہیں ہے نہ بہتر طریقے سے کام کرنا چاہتی ہے، گیس کی قلت کو پوری کرنے کے لئے سندھ حکومت نے وفاق سے تعاون نہیں کیا ہے صرف الزام تراشی سے کام لیا ہے ہماری توانائی کی وزارت بہتر انداز سے کام کر رہی ہے۔ پاکستان کو اب راجا رینٹل پاور سمیت دیگر لٹیرے دوبارہ نہیں آئیں گے۔ عمر ایوب خان کا تعلق ایک عظیم گھرانے سے ہے کراچی آنے پر ہم ان کے مشکور ہیں۔
![]()