کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ایمرجنسی سینٹر پولیو سندھ کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ میں کشمور کی یو سی جمال میں 3 سال کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی رواں سال سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد 3 ہوگئی، سندھ میں رتو ڈیرو کے 26 ماہ کے بچے اور ٹنڈو الہٰ یار کی 7 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ رواں برس سندھ سمیت ملک بھر میں اب تک پولیو کیسز کی تعداد 8 ہوچکی ہے۔ پولیو کے حوالے سے سال 2019 بدترین رہا جب ملک بھر میں 136 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے، پولیو کی یہ شرح 2014 کے بعد بلند ترین شرح ہے۔ 2014 میں پولیو وائرس کے 306 کیسز سامنے آئے تھے اور یہ شرح پچھلے 14 سال کی بلند ترین شرح تھی۔ 2015 میں ملک میں 54، 2016 میں 20، 2017 میں سب سے کم صرف 8 اور 2018 میں 12 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔ اس تمام عرصے میں پولیو کیسز کی سب سے زیادہ شرح صوبہ خیبر پختونخواہ میں دیکھی گئی۔ صوبہ سندھ بدقسمتی سے اس حوالے سے دوسرے نمبر پر رہا۔
![]()