کراچی (رپورٹ : ذیشان حسین) پی ایس ایل کی فرنچائز کے تعاون سے 2 روزہ انٹر اسکول اسکریبل چیمپئین شپ 8 فروری سے کھیلی جائے گی، ڈائریکٹر یوتھ پروگرام طارق پرویز نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ 7 تا 23 برس کے طالب علموں کے لیے ہونے والی چیمپئین شپ میں مختلف ایونٹس کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، ان مقابلوں میں شرکت کے لیے مقامی 600 اسکولز اور کالجز کو مدعو کیا گیا ہے، اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر نےعالمی اسکریبل چیمپئین شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری فرنچائز کرکٹ کی طرح دیگر کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے، گراس روٹ سے ہی ٹیلنٹ سامنے آتا ہے، جس کی بہترین مثال سرفراز احمد ہیں، جنہوں نے انڈر19 کی سطح پر پاکستان کی قیادت کی اور پھر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بنے، سابق قومی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ یہ بہت خوش کن بات ہے کہ پاکستان گزشتہ کئی برس سے اسکریبل میں عالمی چیمپئین ہے، مادری زبان نہ ہونے کے باوجود اس کھیل میں ہمارا عالمی چیمپئین ہونا یقینی طور پر حیران کن اور قابل تحسین ہے، سرفراز احمد نے والدین اور سرپرستوں سے گزارش کی کہ وہ اپنے بچوں میں چھپی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لیے ان کو بھر پوراعتماد دیں چیمپئن شپ کی ہر کٹیگری کے ونر کو پی ایس ایل۔ فائیو کی افتتاحی تقریب کا اور ایک میچ کا وی آئی پی ٹکٹ دیا جائے گا جبکہ انہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آفیشل ڈنر میں بھی مدعو کیا جائے گا۔
![]()