ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈیرہ اسماعیل خان میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے باعث ایل پی جی کی مانگ میں اضافہ کے بعد ڈیلرز نے مصنوعی قلت پیدا کرتے ہوئے من مانی قیمت وصول کرنا شروع کردی ہے۔ حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت 115 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ ڈیلرز شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہوئے فی کلو دو سو سے دوسو بیس روپے فی کلو گیس فروخت کررہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے۔ شہر اور ملحقہ علاقوں میں ایل پی جی ڈیلروں کی چاندی ہوگئی ہے کیونکہ ان علاقوں میں گیس بالکل نہ ہونے کے برابر ہے اور علاقہ مکین ایل پی جی گیس استعمال کرنے پر مجبور ہیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دکانداروں نے خود ساختہ ریٹ مقرر کردیئے ہیں۔ بعض دکاندار دوسو جبکہ بعض دو سو بیس روپے فی کلو ایل پی جی فروخت کرکے عوام کی چمڑی ادھیڑنے میں مصروف ہیں جوکہ پی ٹی آئی کی حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے کیونکہ موجودہ حکومت غریب عوام کو ان کے حقوق دلواے کے لئے برسراقتدار آئی ہے لیکن اس کے برعکس غریب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے ان دکانداروں کے خلاف کاروائی کرے اور عوام کو اس خود ساختہ مہنگائی سے نجات دلائے۔
![]()