ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور ارد گرد کے علاقوں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ دو روز تک سورج نکلنے کے بعد ڈیرہ میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم انتہائی سرد ہوگیا۔ ڈیرہ اور گرد و نواح میں مسلسل 8 گھنٹوں سے جاری بارش کے باعث گندم اور چنے کی مرجھاتی فصلوں کو بہت زیادہ فائدہ پہنچا ہے، کسانوں نے بارش کو ابر رحمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارش کے باعث ان کی مرجھاتی ہوئی فصلیں ایک بار پھر لہلہانے لگی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں ڈیرہ اور گرد و نواح میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، بارش کے باعث دو ماہ سے زائد عرصہ تک رہنے والی خشک سالی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے، کسانوں کا کہنا ہے کہ گندم کی فصل کیلئے بارشوں کی سخت ضرورت تھی، بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے بارانی علاقوں میں گندم کی فصل بری طرح متاثر ہورہی تھی، باران رحمت برسنے پر لوگوں نے اللہ تعالی کا شکر ادا کیا۔ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے سے شہر میں جل تھل ہوگیا اور سردی بھی بڑھ گئی، بارش کے باعث ڈیرہ کی سڑکیں کیچڑ سے بھر گئیں تاہم فضاﺅں میں معلق گرد صاف ہوگئی اور طویل خشکی کا خاتمہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
![]()