کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ نئے سال کے موقع پر ساحل سمند پر جشن منانے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی اور ساحل سمند پر جانے والوں کو نہیں روکا جائے گا۔ متوقع رش کے پیش نظر ٹریفک کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے شہریوں کے تحفظ کے لئے پولیس تعینات کی جائے گی۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں نئے سال کے جشن پر ساحل سمندر پر آنے والے متوقع رش کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جنوبی سید صلاح الدین احمد، ڈی آئی جی جنوبی شرجیل کھرل، اسسٹنٹ کمشنر جنرل اعجاز حسین رند و دیگر اضلاع کے انتظامیہ اور پولیس اور بلدیاتی اداروں کے افسران، کے الیکٹرک کے نمائندے اور دیگر نے شر کت کی۔ ڈی سی جنوبی اور ڈی آئی جی جنوبی نے اجلاس کو انتظاما ت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ فیصلہ کیا گیا کہ اسلحہ کی نمائش ڈبل سواری، ون وہلینگ اور ہوائی فائرنگ پر پابندی ہوگی۔ ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی اس سلسلہ میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ نوٹیفکینش کے اجرا کے لئے ہوم ڈپارٹمنٹ سے رجوع کیا جائے گا کمشنر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نئے سال کی خوشیوں کو بھرپور طور پر منائیں تاہم اس موقع پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور مہذب انداز مین جشن منائیں اجلاس نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہسپتالوں اور فائربرگیڈ کو الرٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر صلاح الدین نے اجلاس کو بتایا کہ انہوں نے اس سلسلہ میں متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیو ائر پر کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ سے گریز کر ے گی۔ بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اسٹریٹ لائٹس روشن رکھنے کے خصوصی اقدامات کریں۔
![]()