ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سرور چوہدری کی صدارت میں 170 ویں ایڈوانس سٹیڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کی میٹنگ کا انعقاد ہوا۔ میٹنگ میں رجسٹرار طارق محمود ‘کواڈینیٹر گریجویٹ اسٹیڈیز پروفیسر ڈاکٹر شادی اللہ خان سمیت تمام شعبہ جات کے ڈینز، ڈائریکٹرز سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ کوارڈینٹر گریجویٹ اسٹیڈیز نے ممبران کو ایجنڈے بارے میں شامل ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباء کے کیسوں اور دیگر اکیڈمک کارکردگی بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر شادی اللہ خان نے ممبران کو خوش خبری دیتے ہوئے کہا کہ ہماری یونیورسٹی کا گومل یونیورسٹی ریسرچ جنرل جو پہلے سائنسز کا تھا اب اس کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے مطابق سوشل سائنسز میں تبدیل کرکے ایچ ای سی کے معیار کے مطابق کر دیا ہے اور مستقبل قریب میں یہ ایچ ای سی کی Y کیٹگری میں چلا جائے گا۔ لہٰذا سوشل سائنسز اپنی ریسرچ میں مزید تیزی لائیں اور ہمیں بھیجوائیں تاکہ ہم ان کو آگے بھیجیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرور چوہدری نے کہا کہ ایکٹ، سٹیچیوٹس اور قانون سے ہٹ کر کبھی کوئی کا م نہ کیا، نہ کرونگا اور نہ ہی ہونے دونگا۔ یونیورسٹی کی ترقی اور یہاں پر پڑھنے والے طلباء کو بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی میری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ جو بھی طالب علم آئے گا وہ پڑھے اور قانون کے تحت ہی اسے ڈگری دی جائے گی۔ میں گومل یونیورسٹی میں تعلیم معیارکی بہتری کےلئے آیا ہوں اور آج خوشی ہورہی ہے کہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگری کو مقررہ وقت میں مکمل کروایا جارہا ہے اور تمام شعبہ جات کے بی ایس پروگرام میں سمسٹر سسٹم پر کامیابی سے عمل درآمد جاری ہے۔ لہٰذا تمام طلباء چاہئے وہ کسی بھی شعبہ جات میں ہوں تمام تر توجہ اپنی تعلیم پر دیں اور اساتذہ کو سختی سے ہدایات کرتا ہوںکہ اپنی کلاسویں بروقت لیں۔ قانون سے ہٹ کر کسی کے ساتھ رعایت نہیں کی جائے گی۔ وائس چانسلر نے گریجویٹ اسٹیڈیز کو ہفتہ وار ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام جلد شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جلد از جلد اس کی بذریعہ اخبار تشہیر کرکے ہفتہ وار پروگرام شروع کئے جائیں۔ تاکہ وہ نوکری پیشہ لوگ جن کو تعلیم کے حصول کے لئے مشکلات ہیں وہ ہفتہ وار اپنے ادارے کی اجازت کے بعد تعلیم حاصل کر سکیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے ڈائریکٹر کوالٹی انشورنس سیل ڈاکٹر نعمان رحیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی ٹیم کو یونیورسٹی کے ہر شعبہ جات، ایڈمنسٹریشن کو نہایت عمدہ اور بہترین طریقے سے آگاہ کیا جس پر وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ میٹنگ میں انچارج وائس چانسلر مانیٹرنگ سیل ڈاکٹر شفیع اللہ نے ممبران کو بتایا کہ گومل یونیورسٹی میں طلباء کے ہاسٹل اور فیسوں کی بقایاجات کی مد میں 11 کروڑ کی ریکوری کی جا چکی ہے اور اب کچھ بقایا رہ گئے ہیں۔ جس پر وائس چانسلر نے ڈاکٹر شفیع اللہ کے بہترین کام کو سراہا اور تمام دیگر شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ طلباء جن کی فیسیں یا ہاسٹل کے بقایا جات بقایا ہیں ان کو کلاسوں میں نہ بیٹھنے دیا جائے تاکہ یہ بقایا رقم بھی جلد طلباء ادا کردیں۔
![]()