کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبدالحق قادری نے کہا کہ حضور رحمتہ اللعالمین کی اس دنیا میں آمد سے انسانیت کو ظلمت، جہالت، گمراہی، شرک و بدعت سے نجا ت حاصل ہوئی۔ اسلام پوری انسانیت کیلئے امن کا پیام لے کر آیا ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل کرکے دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غلامان مصطفی اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کا جشن بھرپور انداز سے مناتے ہیں اہل محبت کے دلوں سے جذبہ عشق مصطفی ختم کرنے کی کوششیں کرنے والے خود ختم ہوجائیں گے۔ جماعت اہلسنّت کے تحت سمندر کی موجوں پرلانچوں کی میلاد ریلی نکالی گئی جو کیماڑی سے منوڑہ، جزیرہ بابا بھٹ، جزیرہ شمس پیر اور مختلف جزیروں کا گشت کرتے ہوئے کیماڑی جیٹی پر اختتا م پذیر ہوئی، جس کی قیادت جماعت اہلسنّت کے رہنماء مولانا ابرار احمد رحمانی نے کی۔ اس موقع پر پیر فاروق انور شاہ کاظمی، ڈاکٹر سید عبدالوہاب قادری، مولانا عباس رضا الباروی، قاضی نور الاسلام، مولانا عاشق سعیدی، غفران احمد، انور قادری، محمد جنید باپو، مولانا اسحاق خلیلی، شریف قادری و دیگر بھی شریک تھے۔ مولانا رحمانی نے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں میں پایا جانے والا مذہبی ذوق وشوق محافل میلاد ہی کی برکتوں میں سے ہے۔ نیز جماعت اہلسنّت کے زیر اہتمام زیر اہتمام میلاد مصطفی 8 نومبر جمعہ بعد نماز عشاء مدرسہ انوار القرآن رنچھوڑ لائن سے شروع ہوگی جس کی قیادت علماء مشائخ و قائدین اہلسنّت فرمائیں گے۔
![]()