تازہ ترین
Home / اہم خبریں / ضلع غربی میں پانی کا بحران، جماعت اسلامی نے احتجاجی تحریک اور عدالت جانے کا اعلان کردیا۔ اسحق خان‘ فضل احد‘ امین اللہ‘ لئیق خان و دیگر کی پریس کانفرنس

ضلع غربی میں پانی کا بحران، جماعت اسلامی نے احتجاجی تحریک اور عدالت جانے کا اعلان کردیا۔ اسحق خان‘ فضل احد‘ امین اللہ‘ لئیق خان و دیگر کی پریس کانفرنس

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جماعت اسلامی ضلع غربی نے پانی کے بدترین بحران پر واٹر بورڈ کیخلاف عدالتی چارہ جوئی اور احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا‘ واٹر بورڈ کے دفتر اور وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنے کا انتباہ، پہلے مرحلے میں ہارون آباد میں واٹر بورڈ کے ڈسٹرکٹ دفتر پر دھرنا دیا جائے گا‘ غیر قانی ہائیڈرنٹ ختم‘ بند واٹر پمپ فوری بحال کرنے اور پورے ضلع میں مساوی فراہمی آب یقینی کو بنایا جائے‘ لائنوں کا رساؤ ہنگامی بنیاد پر روکا جائے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع غربی محمد اسحق خان نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پبلک ایڈ کمیٹی ضلع غربی فضل احد، جنرل سیکرٹری پبلک ایڈ کمیٹی محمد امین اللہ، جماعت اسلامی کے سابق رکن قومی محمد لئیق خان، سابق رکن صوبائی اسمبلی حمید اللہ خان ایڈووکیٹ، ضلع غربی ڈسٹرکٹ کونسل میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عبدالجلیل شمسی‘ صدر جے آئی یوتھ ضلع غربی انعام الرحمن، عثمان اعوان و دیگر بھی موجود تھے۔ محمد اسحق خان نے مزید کہا کہ کراچی کا ضلع غربی تقریباً 4 ملین آبادی اور وسیع رقبے پر پھیلا ہوا ہے‘ غریب آبادی کے اس ضلعے کے کئی علاقے پانی کی لائنوں سے محروم ہیں تاہم 70 تا 80 فیصد علاقے پانی کی لائنوں کی تنصیب رکھتے ہیں۔ جس میں بلدیہ، سائٹ اور اورنگی ٹاؤن شامل ہیں، اتنے بڑی آبادی والے ضلع کے عوام کافی عرصے سے پانی کیلیے پریشان ہیں‘ اور نجی ہائیڈرنٹ اور ٹینکرمافیا کے رحم و کرم پر ہیں، حب ڈیم اور کلری جھیل بھرنے کے باوجود یہاں کے باسی پانی کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع غربی کو 110 ایم جی ڈی پانی کی ضرورت ہے جس کا ایک چوتھائی بھی فراہم نہیں کیا جارہا، حب ڈیم ضلع غربی کو پانی فراہم کرنے کا سب سے اہم ذریعہ ہے اور اس میں دو سال کا پانی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ پورے ضلع میں پانی کی مساوی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مقامی سیاسی قیادت سے مل کر از سرنو منصوبہ بندی کرے، ضلع میں لائنوں سے فراہم کیا جانے والا 35 فیصد پانی رساؤ کے باعث ضایع ہو جاتا ہے، اس رساؤ کو ختم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام بند واٹر پمپنگ اسٹیشن بشمول بسم اللہ کالونی‘ بلدیہ، اورنگی کا الحراء پمپ اور دیگر پمپ کو فوری بحال کیا جائے، جبکہ منصور نگر، کٹی پہاڑی پر بنے اوور ہیڈ ٹینک سے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ پرائیویٹ والوو مین کے ذریعے رشوت کی بنیاد پر علاقوں میں پانی فراہم کیا جاتا ہے، واٹر بورڈ حکام فوری نوٹس لیں اور ملوث افراد کیخلاف کارروائی کریں۔ ایک سوال پر اسحاق خان نے کہا کہ سرکاری منظور شدہ ہائیڈرنٹ کے علاوہ تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹ کو بند‘ ٹینکر مافیا کا خاتمہ اور ناجائز کنکشن کے ذریعے صنعتی اداروں کو پانی کی غیر قانونی فراہمی بند کی جائے۔ جبکہ تمام علاقوں کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کے 3 سے چھ دن کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے اور کے 4 منصوبے کو مکمل کر کے ضلع غربی کے تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ حکام پانی بحران کے براہ راست ذمے دار ہیں جس کے باعث عوام میں اشتعال پھیل رہا‘ صورتحال بہتر نہ ہوئی تو حالت کسی کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے اورامن و امان کا مسئلہ پیدا ہوجائے گا‘ ایم ڈی واٹر بورڈ عوام دشمن رویہ ترک کر کے ہمارے مطالبات تسلیم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی مدد سے حقائق جمع کر رہے ہیں، اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، حکام نے توجہ نہ دی تو حکومت سندھ‘ وزیر بلدیات‘ اور واٹر بورڈ کے دفاتر کا گھیراؤ اور دھرنا دیں گے۔ وزیر بلدیات کی بے حسی اور کراچی کے منتخب نمائندوں اور میئر کی لاتعلقی کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

پاکستان اسکریبل کے لیے ایک اور عالمی اعزاز، طارق پرویز ورلڈ اسکریبل ایسوسی ایشن کے نائب صدر منتخب

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان کے معروف اسکریبل منتظم طارق پرویز ورلڈ انگلش پلیئرز ایسوسی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے