سیالکوٹ (رپورٹ: سیدہ نزہت شہناز) عالمی شہرت یافتہ سکھ رہنما سردار رامیش سنگھ اروڑا نے کہا ہے پاکستان میں اقلیتوں کو جو حقوق حاصل ہیں دنیا بھر میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ سالار اعظم جنرل قمرجاوید باجوہ کی جادو کی جپھی نے دربار بابا جی گرو نانک کی آخری آرام گاہ کرتار پور کو دنیا بھر کی سکھ قوم کے لیے کھول کر ان کا دیرنیہ خواب پورا کیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ کی طرف سے انہیں اپنا اعزازی سفیر مقرر کرنے کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ تقریب کی صدارت چیئرمین بزنس دویلپمنٹ کمیٹی میاں نعیم جاوید نے کی۔ اس موقع پر وائس چیئرمین چودھری محمد افضل شاہین، چیف ایگزیکٹو آفیسر سیال میجر جنرل (ر) محمد عابد نذیر، بانی چیئرمین میاں محمد ریاض، سابق چیئرمین چودھری غلام مصطفی، نعیم اختر، شیخ محمد یعقوب، اشفاق احمد چودھری، چیئرمین ایئر سیال فضل جیلانی، ڈپٹی چیئرمین بزنس کمیٹی ہشام حنیف خان، ڈائریکٹر سیال چودھری محمد جاوید، میاں عتیق الرحمان، حسن شبیر، محمد اویس اور دیگر بھی موجود تھے۔ سردار رامیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ سیالکوٹ کی دھرتی دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتی ہے۔ موجودہ نارووال سیالکوٹ کا ہی حصہ تھا۔ بابا جی گرونانک سیالکوٹ میں بھی رہے اور یہاں سچ کا پیغام دیا شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال نے بابا جی کے بارے میں جو شعر کہے وہ تاریخ کا حصہ ہیں۔ سردار رامیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ نے انہیں اپنا سفیر مقرر کرکے جو ذمہ داری دی ہے اسے پورا کریں گے اور دنیا بھر کی سکھ قوم سے درخواست کریں گے وہ سیالکوٹ ایئرپورٹ سے اپنے سفر کا آغاز کریں اور بابے دی بیری سے ہوتے گوجرانوالہ میں روڑی صاحب اور نارووال میں کرتار پور تشریف لائیں انہیں ہر قسم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ صدر تقریب میان نعیم جاوید نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ سکھ قوم ہمارے لئے انتہائی قابل عزت و احترام ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کرتار پور بارڈر سکھ قوم کے لیے کھول کر تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ دنیا بھر کی سکھ قوم کو سیالکوٹ ایئرپورٹ پر جدید سہولتیں اور عزت و احترام دیا جائے گا۔ وائس چیئرمین چودھری محمد افضل شاہین نے کہا کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ کی انتظامیہ اور ڈائریکٹران نے سکھ رہنما سرادر رامیش سنگھ اروڑا جیسے ممتاز رہنما کو اپنا سفیر مقرر کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے اس کے دور رس اثرات مرتب ہو نگے اور سیالکوٹ کی دھرتی کی دنیا بھر میں مزید جان پہچان ہوگی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر سیال میجر جنرل (ر) محمد عابد نذیر نے کہا کہ ہم کرتار پور اور دیگر مذہبی مقامات کی یاترا کے لئے آنے والے سکھ یاتریوں کو مثالی انداز سے خوش آمدید کہنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ اس موقع پر سردار رامیش سنگھ کو سرٹیفکیٹ اور شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
![]()