اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں بھارت کے سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کو مدعو کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشاورت سے فیصلہ کیا ہے کہ کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب ایک بہت بڑا پروگرام ہے، جس کی ہمیں بے حد خوشی ہے اور پاکستان اس کی بھرپور تیاری کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی اس میں ذاتی دلچسپی ہے اور اسی لیے ہم بھارت کے سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کو دعوت دینا چاہتے ہیں کہ وہ اس تقریب میں آئیں کیونکہ ان کا یہ عقیدہ بھی ہے اور وہ ہمارے لیے بہت محترم ہیں۔ بات کو جاری رکھتے ہوئے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ من موہن سنگھ سکھوں کی نمائندگی بھی کرتے ہیں، لہٰذا میں حکومت پاکستان کی طرف سے اور بطور وزیرخارجہ انہیں دعوت دے رہا ہوں کہ وہ آئیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہم من موہن سنگھ کو تحریری طور پر دعوت دینے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں جبکہ ہم باقی سکھ برادری کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کی خوشی میں شریک ہوں۔ خیال رہے گزشتہ برس اگست میں سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پاکستان آئے تھے۔
![]()