جام پور (رپورٹ: انعام باری) رمضان المبارک برکتوں، رحمتوں و سعادتوں کا مہینہ ہے جس میں ہر نیکی کا ثواب دگنا ملتا ہے اللہ تعالیٰ نے بنی نوع انسان کیلئے یہ ماہ مبارک نیکیوں کی بہار ہے اور اس بہا ر سے فائدہ حاصل کرنے اور ہمہ وقت نیکی کمانے میں مصروف عمل رہنے کیلئے اعتکاف جیسی عبادت فرض علی الکفایہ کے طور پر ہم مسلمانوں کے ذمہ ہے نبی اکرم ؐ نے اپنی تمام زندگی میں اعتکاف نہیں چھوڑا اور اگر کسی عذر کی وجہ سے اعتکاف نہیں کر سکے تو بعد میں اعتکاف کیا ان خیالات کا اظہارمولانا سید اکبر شاہ بخاری، مولانا ابوبکر عبداللہ، مفتی فہد عرفان، مفتی محمد عمر خان گورمانی، مولانا فہد خان کھوسہ و دیگر نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دس روزہ اعتکاف نبی اکرم ؐ کی سنت ہے جس سے ناصرف دیگر عبادتوں کی توفیق ملتی ہے بلکہ شب قدر بھی نصیب ہوتی ہے جو امت محمدیہ ؐ کیلئے اللہ تعالیٰ کا ایک خصوصی انعام و اکرام ہے۔ انہوں نے کہا رمضان المبارک غمگساری کا ماہ ہے جس میں ہمیں اپنے مستحق اہل محلہ، رشتہ داروں و دوست احباب کا ہر ممکن تعاون یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم الائمہ جام پور کے زیر اہتمام محمدی جامع مسجد، جامع مسجد حنفی، جامع مسجد عمر، جامع مسجد بلال، جامع مسجد ربانیہ، جامع مسجد رحمت دوعالم اور جامع مسجد سلیمان میں معتکفین و غیر معتکفین کیلئے درس کا بھی انتظام کیا گیا ہے جس میں تمام احباب اپنی شرکت یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والا دھماکہ انتہائی افسوسناک پوری قوم ملکی دفاع و امن کیلئے ایک ہی پلیٹ فارم پر کھڑے ہیں اور سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ ہیں۔ اس موقع پر قاری عبدالقدیر، مولانا محمد بلال، مولانا قاضی انعام باری، محمد جمشید اشرف، ابرار حسین قریشی سمیت دیگر موجود تھے۔
![]()