گجرات (رپورٹ: مرزا عادل رحمان) ڈی پی او سید علی محسن کی قیادت میں گجرات پولیس نے 4 رکنی خاری اوڑھ گینگ گرفتارکرلیا، لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور تیس لاکھ روپے نقدی برآمد۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او سید علی محسن کی قیادت میں گجرات پولیس نے ضلع بھر میں چوروں اور خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا۔ڈی ایس پی سٹی سرکل رضا حسنین اعوان کی زیر نگرانی کام کرنے والی پولیس ٹیم جس میں ایس ایچ او تھانہ سول لائن فراست اللہ چٹھہ، ایس آئی اویس احمد، ایس آئی محمد بلال شامل ہیں نے انتہائی محنت اور جانفشانی سے ڈکیتی اور نقب زنی کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب انتہائی خطرناک افتخار احمد عرف خاری اوڑھ ڈکیت گینگ گرفتار کرلیا۔ چار رکنی ڈکیت گینگ میں افتخار احمد عرف خاری، عبدالغفور ولد محمد انور، مختیار علی ولد محمد انور اقوام اوڑھ سکنائے کھاریانوالہ ضلع شیخوپورہ، ریاض علی ولد دائم علی قوم اوڑھ سکنہ ملک پور ضلع ننکانہ شامل ہیں۔ جنہوں نے ضلع گجرات کے مختلف تھانوں میں ڈکیتی اور نقب زنی کی 18 وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ دوران انٹیروگیشن گینگ کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، تیس لاکھ روپے نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ چار عدد پسٹل 30 بور برآمد ہوۓ۔ ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ وہ واردات سے پہلے مکمل ریکی کرتے اور بعدا زاں گھر میں داخل ہوکر اہل خانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا لیتے اور گھر میں موجود طلائی زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہوجاتے۔ ملزمان نے گجرات کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی ڈکیتی کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔
![]()