کراچی (نوپ نیوز) پاکستان ریلوے نے عید الاضحیٰ کے موقع پر مسافروں کے رش کے باعث 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے اور بزرگ شہریوں کو عید کے پہلے اور دوسرے روز مفت سفر کی سہولت دی جائے گی- 5 اسپیشل ٹرینوں میں کراچی سے 2، روالپنڈی اور کوئٹہ سے ایک ایک جبکہ عید کے بعد 25 اگست کو ملتان سے روالپنڈی کے لئے ایک ٹرین چلے گی۔ پہلی عید اسپیشل ٹرین کراچی سے پشاور کے لئے 19 اگست کو صبح روانہ ہوگی ٹرین میں عید کے پہلے اور دوسرے روز سفر کرنے والوں کو کرایہ میں 25 فیصد خصوصی رعایت دی جائیگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے عیدالاضحی کے موقع پر اضافی رش کے پیش نظر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے، اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد آفتاب اکبر کی منظوری کے بعد باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین 19 اگست کو کراچی سٹی سے دن 10 بجے پشاور کے لیے روانہ ہوگی۔ دوسری اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے 19اگست کو صبح 07 بجے راولپنڈی کے لیے روانہ ہو گی۔ تیسری ا سپیشل ٹرین 20 اگست دن 11 بجے کراچی کینٹ سے لاہور کے لئے روانہ ہوگی۔ چوتھی اسپیشل ٹرین 21 اگست کو راولپنڈی سے صبح 7 بجے ملتان کے لئے روانہ ہو گی اور پانچویں اسپیشل ٹرین 25 اگست کو ملتان کینٹ سے صبح 7 بجے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی۔
![]()