کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب کھلے مین ہول میں گرنے والے 3 سالہ ابراہیم کی لاش 15 گھنٹے بعد نالے سے نکالی گئی واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آیا جب بچہ اپنے والدین کے ہمراہ شاپنگ آیا اور پارکنگ ایریا میں دوڑتے ہوئے مین ہول میں جاگرا ریسکیو حکام کے مطابق پانی کے بہاؤ نے بچے کی لاش کو تقریباً آدھاکلومیٹر دور لے جاکر پھنسایا ہوا تھا۔
ابتدائی ریسکیو آپریشن ناکام ہونے کے بعد علاقہ مکین ہیوی مشینری کے ساتھ میدان میں آگئے اور اپنی مدد آپ کے تحت کھدائی کر کے بچے کی تلاش میں مدد کی سانحے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور مظاہرین نے سڑکیں بند کر کے ٹریفک معطل کر دی جس سے یونیورسٹی روڈ سمیت متعدد راستے متاثر ہوئے۔
واقعے کے بعد مشتعل افراد نے میڈیا کی گاڑیوں پر بھی حملے کیے جبکہ شہریوں کو دفتروں تک جانے سے روکنے کی کوشش کی گئی جاں بحق بچے کے دادا نے بتایا کہ ابراہیم ان کے بیٹے کی اکلوتی اولاد تھا اور والد بائیک پارک کرنے گئے تو بچہ ہاتھ چھڑاکر بھاگ گیا اور مین ہول میں جاگرا۔