میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) ڈسٹرکٹ آرگنائزر ایم کیو ایم میرپورخاص مجیب الحق نے کہا ہے کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات میں میرپور خاص کے حق پرست عوام نے ایم کیو ایم کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروا کر ثابت کر دیا ہے کہ میرپوخاص ایم کیو ایم کا قلعہ ہے، وہ انتخاب میں فتح کی خوشی میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی وائس چیئر مین فرید احمد خان، یو سی آرگنائزرز، اے پی ایم ایس او، شعبہ خواتین، حق پرست کونسلرز اور اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈسٹرکٹ آرگنائزر مجیب الحق نے مزید کہاکہ حالیہ فتح حق پرست عوام کے اتحاد اور تحریکی ساتھیوں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے اور اللہ تعالیٰ نے حق پرستوں کو انعام عطا فرمایا ہے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے امیدواروں کو شکست دینے کی ناپاک سازشیں کرنے والوں کے ارادے خا ک میں مل گئے ہیں، ضلعی آرگنائزر نے کہا کہ ضمنی بلدیا تی انتخابات میں حق پرست عوام نے ایم کیو ایم کو بھر پور انداز میں کامیاب کروا کر ثا بت کر دیا ہے کہ الیکشن 2018 کے نتائج مشکوک ہیں اور ایم کیو ایم کے مینڈنٹ کو زبر دستی چھینا گیا ہے انہوں نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ غیر منصفانہ حلقہ بندیاں ختم کی جائیں اور دھاندلی زدہ مردم شماری کے بجائے منصفانہ اور غیر جانبدارانہ مردم شماری اور حلقہ بندیاں کروا کر شہری علاقوں کے حق پرست عوام کا احساس محرومی ختم کیا جائے۔
![]()