کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ حکومت کے زیر اہتمام دو روزہ "معرکہ حق” کیپٹن راجہ محمد سرور شہید (نشانِ حیدر) کراچی اسپورٹس گالا فیسٹول کا آغاز ہوگیا۔ جشنِ آزادی کے عنوان سے منعقدہ اسپورٹس گالا کا افتتاح وزیرِ کھیل سردار محمد بخش مہر اور سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے کیا۔
افتتاحی تقریب سندھ یوتھ کلب گلستانِ جوہر میں منعقد ہوئی، جس میں ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق، چیف انجنیئر اسلم مہر، ڈپٹی ڈائریکٹر حبیب اللہ، ڈی ایس اوز اسماعیل شاہ، فرید علی سمیت ملک کی نامور ایتھلیٹ نسیم حمید، شطرنج کی انٹرنیشنل کھلاڑی زوبیہ واصف اور ڈی ایس پی ذاکر حسین شریک ہوئے۔
وزیر کھیل نے بتایا کہ دو روزہ اسپورٹس گالا 2025 میں 11 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہو رہے ہیں جن میں تیر اندازی، ٹیبل ٹینس، والی بال، تھرو بال، ٹگ آف وار، فینسنگ، تائیکوانڈو، ڈاج بال، ٹیگ بال، اسکیٹنگ اور شطرنج شامل ہیں۔ ایونٹ میں 1500 سے زائد گرلز و بوائز کھلاڑی شریک ہیں۔
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جو نشانِ حیدر حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ شہداء کی قربانیوں سے ہی وطن آج آزاد ہے اور قوم ہمیشہ اپنے ہیروز کو یاد رکھے گی۔ کھیل نہ صرف جسمانی مہارت بلکہ قومی اتحاد اور وقار کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے گالا کو کامیاب بنانے کے لیے تمام منتظمین، کھلاڑیوں کے والدین اور اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔