Home / Home / پاکستان ویمنز کا شاندار آغاز زمبابوے کو 168 رنز سے شکست

پاکستان ویمنز کا شاندار آغاز زمبابوے کو 168 رنز سے شکست

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے زمبابوے ویمنز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 168 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، جس کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 36.4 اوورز میں 162 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

یہ فتح رنز کے لحاظ سے پاکستان ویمنز کی دوسری بڑی کامیابی ہے، جبکہ یہ سیریز دونوں ٹیموں کے درمیان پہلی باقاعدہ دو طرفہ سیریز بھی ہے اور زمبابوے ویمنز کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

قومی ٹیم کی اننگز کا آغاز مضبوط رہا جہاں صدف شمس اور گل فیروزہ نے پہلی وکٹ پر 162 رنز جوڑ کر میچ کی بنیاد رکھ دی۔ صدف شمس بدقسمتی سے 98 رنز پر آؤٹ ہو کر سنچری سے محروم رہیں، جبکہ گل فیروزہ نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

درمیانی اوورز میں سدرہ امین نے 67 رنز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، جبکہ آخری اوورز میں ناجیہ علوی نے دھواں دار کھیل پیش کرتے ہوئے صرف 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 56 رنز بنا ڈالے۔ انہوں نے محض 24 گیندوں پر ففٹی مکمل کر کے پاکستان ویمنز کی تیز ترین نصف سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔

زمبابوے کی جانب سے پریشس مرانگے تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہیں ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار رہی۔ بیلووڈ بیزا نے 53 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی، جبکہ کیلس ندھلوو نے 31 رنز اسکور کیے، لیکن دیگر کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکیں۔

پاکستان کی باؤلنگ لائن بھی مؤثر ثابت ہوئی، تسمیہ رباب، فاطمہ ثناء اور سیدہ عروب شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ڈیبیو کرنے والی مومنہ ریاست نے بھی ایک وکٹ اپنے نام کی۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

جوبلی لائف انشورنس و کشف فاؤنڈیشن کے اشتراک سے خوشحال مستقبل تکافل متعارف

کراچی، (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں نجی شعبے کی نمایاں انشورنس ک۔مپنی جوبلی لائف انشورنس نے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے