کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج عالمی یومِ خواتین منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد خواتین کی جدوجہد، کامیابیوں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں ان کے اہم کردار کو اجاگر کرنا اور ان کے حقوق کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرنا ہے۔
عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں سرکاری و نجی اداروں، تعلیمی تنظیموں اور سماجی اداروں کے زیر اہتمام تقریبات، سیمینارز اور آگاہی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں خواتین کو درپیش مسائل، ان کے حقوق اور بااختیار بنانے کے اقدامات پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔
مقررین کا کہنا ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور فیصلہ سازی کے عمل میں مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔
اس دن کے موقع پر خواتین کی خدمات اور کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کے وقار اور مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔