راولپنڈی، (ویب اسپورٹس) ٹرائی نیشن ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چھٹے اور اہم میچ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو چھ رنز سے شکست دے کر 29 نومبر کو ہونے والے فائنل میں جگہ بنا لی 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے شاندار 63 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور عثمان خان و محمد نواز کے ساتھ قیمتی شراکتیں بنا کر جیت کے قریب پہنچایا، تاہم آخری لمحات میں ٹیم ہدف حاصل نہ کرسکی سری لنکا کی جانب سے دشمنتھا چمیرا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 20 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر پلئیر آف دی میچ قرار پائے اور اختتامی اوور میں 10 رنز کا کامیاب دفاع کر کے پاکستان کی پیش قدمی روک دی۔
اس سے قبل سری لنکا کی اننگز اوپنر کامل مشارا کی 76 رنز کی برق رفتار باری کے گرد گھومتی رہی، جنہوں نے کوشل مینڈس کے ساتھ مل کر دوسرے وکٹ کے لیے 66 رنز جوڑے اور ٹیم کے مجموعے کو مضبوط بنیاد فراہم کی مینڈس نے 40 رنز کی کارآمد اننگز کھیلی جبکہ کپتان داسن شاناکا نے آخری اوورز میں 17 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر اسکور 184 تک پہنچایا پاکستان کی جانب سے ابرار نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سائم ایوب اور سلمان مرزا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز سائم ایوب نے جارحانہ انداز میں 27 رنز سے کیا، تاہم ابتدائی اوورز میں چار وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم شدید دباؤ کا شکار ہو گئی ایسے میں سلمان علی آغا اور محمد نواز نے صرف 36 گیندوں پر 70 رنز جوڑ کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا، مگر سری لنکن بولرز نے اہم مراحل پر وکٹیں لے کر پاکستان کو مسلسل چھٹی کامیابی کے ہدف تک پہنچنے سے روک دیا۔