Home / اہم خبریں / کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اور بی براؤن پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت، قومی کھیل کی بحالی کی جانب اہم قدم

کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اور بی براؤن پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت، قومی کھیل کی بحالی کی جانب اہم قدم

ذیشان حسین

کراچی، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن (کے ایچ اے) اور بی براؤن پاکستان کے درمیان قومی کھیل کی ترقی و بحالی کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہوگئے۔ اس موقع پر کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں حیدرآباد یوتھ کلب اور کراچی یوتھ کے درمیان نمائشی میچ بھی کھیلا گیا، جو اس معاہدے کے باعث تاریخی اہمیت اختیار کرگیا۔ ایم او یو پر کے ایچ اے کے سیکریٹری اولمپیئن حنیف خان اور بی براؤن پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد علی جلیل نے دستخط کیے، جبکہ سیدہ شہلا رضا، سید امتیاز علی شاہ اور دیگر معزز شخصیات بطور گواہ شریک ہوئیں۔

بی براؤن پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد علی جلیل نے کہا کہ کمپنی کا مقصد ہاکی کے شاندار ماضی کو واپس لانا اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بی براؤن، کے ایچ اے کے نامزد نوجوان کھلاڑی سید محمد سعد علی کو ماہانہ 50 ہزار روپے وظیفہ اور کھیل کے سامان کے لیے ایک لاکھ روپے سالانہ فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ، سہراب گوٹھ کے قریب جدید ہاکی گراؤنڈ کی تعمیر میں بھی کے ایچ اے کے ساتھ مالی معاونت کی جائے گی۔

چیئرپرسن کے ایچ اے و رکن قومی اسمبلی سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ کے ایچ اے کی کارکردگی پورے ملک کے لیے ایک مثال ہے، اور بی براؤن کا جذبہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر نجی ادارے بھی قومی کھیل کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ سیدہ شہلا رضا نے بتایا کہ جلد کراچی کی خواتین ہاکی ٹیم کے لیے بھی وظیفے کا اعلان کیا جائے گا۔

کے ایچ اے کے صدر سید امتیاز علی شاہ نے کہا کہ ہاکی کی بحالی کھلاڑیوں کو روزگار کی فراہمی سے مشروط ہے۔ کے ایچ اے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر صوبائی سطح پر ڈیپارٹمنٹل ہاکی کی بحالی اور تعلیمی اداروں میں ہاکی ٹیموں کے قیام کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی براؤن سمیت دیگر ادارے ہاکی کے فروغ میں شامل ہوں تو قومی کھیل ایک بار پھر اپنی کھوئی ہوئی شناخت حاصل کرسکتا ہے۔

نمائشی میچ میں کراچی یوتھ نے حیدرآباد یوتھ کلب کو 0-3 سے شکست دی۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی نے کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں زیرتعمیر ہاسٹل، ارینہ اور سیکریٹریٹ کا دورہ کیا۔ بعد ازاں کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے، جبکہ تقریب میں اولمپئنز، انٹرنیشنل پلیئرز اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے